نماز کے لئے مستحب لباس وغیرہ
مستحب یہ ہے کہ مرد تین کپڑے پہن کر نماز پڑھے 1. ازار ( تہبند یا پاجامہ وغیرہ) 2. قمیض، کرتہ، 3. عمامہ، اگر ایک کپڑے میں بدن ڈھانپ کر نماز پڑھے تو بلا کراہت جائز ہے عورت کے لئے بھی مستحب ہے کہ تین کپڑے پہن کر نماز پڑھے اور وہ یہ ہیں 1. ازار ( تہبند یا پاجامہ وغیرہ) 2. قمیض، 3. اوڑھنی ( دوپٹہ)، اگر عورت دو کپڑوں یعنی تہبند یا پاجامہ اور اوڑھنی میں نماز پڑھے تو نماز جائز ہو گی اور اگر ایک کپڑے میں پڑھے اور اس سے اُس کا تمام ستر ڈھک جائے تو نماز جائز ہو جائے گی، اگر دو شخص ایک کپڑے میں نماز پڑھیں اور ہر شخص اس کے ایک کنارے ( پلہ) سے ستر ڈھانپ لے تو جائز ہے اور اسی طرح اگر کوئی شخص کپڑے کے ایک کنارے سے اپنا ستر ڈھانپ لے اور دوسرا کنارا کسی سوتے ہوئے پر ڈال دے تو جائز ہے اگر کسی کے پاس ایک ایسا کپڑا ہو کہ یا اس سے جسم کے چھپا لے یا اس کو بچھا کر نماز پڑھ لے اور نماز کے لئے اس کو پاک جگہ میسر نہیں ہے تو اس کو چاہئے کہ اس کپڑے سے اپنے جسم کو چھپا لے اور نماز اسی جگہ پڑھ لے
Top