جماعت۔ متعلقہ مسائل
1. عورتوں کو جماعت میں حاضر ہونا فتنے کی وجہ سے مکروہ ہے خواہ بوڑھی ہی ہو اور خواہ کوئی سے نماز ہو اس پر فتویٰ ہے 2.صفیں سیدھی ہونی چاہئیں کندھے سے کندھا اور ٹخنے سے ٹخنا ملا کر سیدھی کریں اور بیچ میں فاصلہ نہ چھوڑیں ، امام صفیں سیدھی کرائے اور خود صف کے وسط کی سیدھ میں کھڑا ہو، اگر اس کے خلاف کیا یعنی وسط سے داہنی یا بائیں طرف کھڑا ہوا تو اس نے برا کیا کیونکہ یہ سنت کے خلاف ہے 3.مقتدی کے لئے افضل یہ ہے کہ امام کے قریب کھڑا ہو اگر دائیں طرف قریب ہو یا دونوں طرف سے قرب میں برابر ہو تو دائیں طرف کھڑا ہو ورنہ بائیں طرف کھڑا ہو، امام کے بالکل پیچھے پہلی صف میں سب سے افضل شخص کھڑا ہونا چاہئے 4.سب سے افضل پہلی صف ہے پھر دوسری پھر تیسری وغیرہ علی الترتیب، اگر آگے کی صفوں میں خالی جگہ ہو تو صفوں کو چیر کر آگے سے گزر کر اس کو پر کرنا چاہئے اس میں وہ گناہگار نہیں ہو گا کیونکہ قصور ان لوگوں کا ہے جنہوں نے خلا چھوڑا ہے اور انہوں نےخود اپنی عزت ضائع کی لیکن آج کل جہالت کا زمانہ ہے اس لئے فتنے کا ڈر ہو تو ایسا نہ کرے 5.نماز جنازہ میں آخری صف کو تمام صفوں پر فضیلت ہے
Top