متفرق مسائل
1.جمعہ کے روز زوال سے پہلے سفر کے واسطے گھر سے نکلنا مکروہ نہیں ، اگرچہ ایسی جگہ جائے جہاں جمعہ فرض نہ ہو 2.جمعہ کے روز زوال کے بعد جمعہ ادا کرنے سے پہلے نکلنا مکروہِ تحریمی ہے کیونکہ اس کو نماز جمعہ میں حاضر ہونا واجب ہے پس جمعہ ادا کر کے سفر کرے 3.عورت شرعی سفر یعنی تین منزل یا اس سے زیادہ سفر بالغ محرم یعنی شوہر، بھائی، باپ وغیرہ کے بغیر نہ کرے اور محرم کے لئے بھی یہی شرط ہے کہ وہ فاسق بیباک اور غیر مامون نہ ہو پس جس کو اللّٰہ اور رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا ڈر نہ ہو اور شریعت کی پابندی نہ کرتا ہو ایسے محرم کے ساتھ بھی سفر کرنا درست نہیں ہے ، ایک یا دو دن کا سفر بھی بغیر محرم کے کرنا بہتر نہیں ہے لیکن اگر قافلے کے ساتھ ہو تو تین دن سے کم کی راہ بغیر محرم کے جانا جائز ہے 4.دو شنبہ ( پیر) اور پنجشنبہ ( جمعرات) کو سفر کرنا مستحب و بہتر ہے ، سفر پر جانے سے پہلے دو رکعت نماز نفل گھر پر پڑھنا اور سفر سے واپسی پر محلہ کی مسجد میں دو رکعت نماز نفل پڑھنا مستحب ہے 5.اگر مسافر کو چوروں ، ڈاکوؤں یا کسی دشمن یا بلا کا خوف ہو یا قافلہ نماز پڑھنے کی مقدار نہ ٹھہرے تو نماز کو موخر یا قضا کر سکتا ہے جبکہ نماز پڑھنے پر کسی طرح قادر نہ ہو مثلاً سواری پر نہیں ہے ، پس قدرت ہوتے ہوئے قضا کر دینے سے گناہگار ہو گا اور اگر قادر نہ ہو تو گناہگار نہیں ہو گا
Top