عیدین کی نماز کا بیان
نماز عیدین کا حکم وغیرہ شوال کے مہینے کی پہلی تاریخ کو عید الفطر اور ذی الحجہ کی دسویں تاریخ کو عید الاضحٰی کہتے ہیں یہ دونوں دن اسلام میں عید اور خوشی کے دن ہیں ان دونوں عیدون میں دو دو رکعت نماز شکرانے کے طور پر پڑھنا واجب ہے اور یہ ان ہی لوگوں پر واجب ہے جن پر جمعہ فرض ہے جمعہ کی نماز کے فرض ہونے اور صحیح ہونے کے لئے جو شرطیں بیان ہو چکی ہیں وہی سب شرطیں عیدین کی نماز کے لئے بھی ہیں سوائے خطبے کے کہ جمعہ کی نماز میں خطبہ فرض اور شرط ہے اور اس کا نماز سے پہلے پڑھنا ضروری ہے عیدین کی نماز میں خطبہ شرط یعنی فرض نہیں بلکہ سنت ہے اور نماز کے بعد پڑھا جاتا ہے ، اگر عیدین کا خطبہ نماز سے پہلے پڑھ لیا یا بالکل ترک کر دیا تو برا کیا مگر نماز ہو گئی عیدین کے خطبے کا بلکہ تمام خطبوں کا سننا جمعہ کے خطبوں کی طرح واجب ہے اور بولنا، کھانا پینا، سلام و جوابِ سلام وغیرہ سب امور ممنوع و حرام اور مکروہِ تحریمی ہیں تفصیل جمعہ کے خطبے میں بیان ہو چکی ہے ، نماز عیدین کے لئے اذان و اقامت نہیں ہے بلا وجہ عیدین کی نماز چھوڑنا گمراہی و بدعت ہے چھوٹے گاؤں میں جہاں جمعہ پڑھنا صحیح نہیں ہے نماز عیدین پڑھنا مکروہِ تحریمی ہے یعنی وہ نفل ہوں گے اور نفلوں کا جماعت کے ساتھ پڑھانا مکروہِ تحریمی ہے ، اگر جمعہ کے روز عید الفطر یا عید الاضحٰی ہو تو نماز جمعہ اور نماز عید دونوں کا ادا کرنا لازمی ہے
Top