اقسام غسل
غسل کی چار قسمیں ہیں 1. فرض 2. واجب 3. سنت 4. مستحب فرض غسل فرض غسل چھ ہیں 1. شہوت کے ساتھ منی نکلنے پر خواہ سوتے میں ہے یا جاگتے میں۔ خواہ بیہوشی میں ہو یا ہوش میں۔ جماع سے ہو یا بغیر جماع کے کسی خیال و تصور وغیرہ سے ہو۔ 2. زندہ عورت کے پیشاب کے مقام میں یا زندہ مرد و عورت کے پاخانہ کے مقام میں کسی با شہوت مرد کے حشفے کے داخل ہونے پر خواہ انزال ہوا ہو یا نہ ہوا ہو ( یہ دونوں قسم کا غسل غسلِ جنابت کہلاتا ہے )۔ 3. حیض سے پاک ہونے پر۔ 4. نفاس سے پاک ہونے پر۔ 5. میت کا غسل اور یہ زندہ پر واجب علی الکفایہ ہے۔ 6. سارے بدن پر نجاست لگنے یا بدن کے بعض حصہ پر نجاست لگنے سے جب نجاست کا مقام معلوم نہ ہو۔ واجب غسل واجب غسل تین ہیں 1. جب کوئی جنبی کافر مسلمان ہو۔یعنی جب کوئی مرد یا عورت جبکہ جنابت کا غسل اس پر باقی ہو اور وہ مسلمان ہو جائے یا عورت پر حیض و نفاس کا غسل باقی ہو اور وہ مسلمان ہو جائے۔ 2. نابالغہ لڑکی پندرہ سال کی عمر سے پہلے حیض سے بالغ ہوئی ہو تو حیض سے پاک ہونے پر احتیاطاً اس پر غسل واجب ہو گا اور اس کے بعد جو حیض آتے رہیں گے ان سے پاک ہونے پر غسل فرض ہو گا 3. ایسے ہی لڑکا پندرہ سال کی عمر سے پہلے احتلام کے ساتھ بالغ ہو اور اُسے پہلا احتلام ہو تو اس پر احتیاطاً غسل واجب ہے اور اس کے بعد جو احتلام ہے گا اس سے غسل فرض ہو جائے گا اور اگر عمر کے لحاظ سے بالغ ہوا یعنی پندرہ سال کی عمر کے بعد احتلام ہوا تو اس پر غسل فرض ہے فائدہ واجب غسل سے مراد فرضِ عملی ہے اس لئے بعض نے ان سب کو فرض غسل میں شمار کیا ہے۔اس طرح میت کا غسل اور سارے بدن پر نجاست لگنے یا بعض حصہ پر لگنے اور جگہ معلوم نہ ہونے کی صورت میں غسل کرنا بھی فرضِ۔عملی ہے اس لئے بعض نے ان دونوں کو بھی واجب میں شمار کیا ہے سنت غسل سنت غسل چار ہیں 1. جمعہ کے دن ان لوگوں کے لئے غسل کرنا سنت ہے جن پر جمعہ فرض ہے 2. دونوں عیدین کے دن طلوع فجر کے بعد ان لوگوں کو غسل کرنا سنت ہے جن پر عیدیں کی نماز واجب ہے۔ 3. حج یا عمرہ کے احرام کے لئے احرام باندھنے سے پہلے غسل کرنا۔ 4. حاجی کو عرفہ کے دن میدان عرفات مین زوال کے بعد وقوف کے لئے غسل کرنا۔ مستحب غسل مستحب غسل بہت ہیں جن میں سے چند یہ ہیں 1. بدن پر نجاست لگ جائے لیکن معلوم نہ ہو کہ کس جگہ لگی ہے۔ 2. لڑکا یا لڑکی جب عمر کے لحاظ سے پندرہ برس کی عمر کو پہنچ کر بالغ ہو اور اس وقت تک بلوغت کی علامات اس میں نہ پائی جائے۔ 3. مکہ معظمہ میں داخل ہونے اور طوافِ زیارت کے لئے۔ 4. عرفہ کی رات یعنی ذی الحجہ کی آٹھویں و نویں تاریخ کی درمیانی شب میں 5. مزدلفہ میں ٹھہرنے کے لئے دسویں تاریخ کی صبح کو بعد طلوع فجر۔ 6. کنکریاں پھینکنے کے لئے منیٰ میں داخل ہوتے وقت۔اور بقیہ دو دن اور جمروں پر کنکریاں مارنے کے لئے۔ 7. مدینہ منورہ میں داخل ہونے کے لئے۔ 8. شب برائت یعنی شعبان کی پندرہویں رات کو۔ ۹. شب قدر کی راتوں میں۔جو شخص سبِ قدر کو دیکہے یعنی اس کو کشف و الہام یا علامات سے معلوم ہو جائے 10. سورج گرہن کی نماز کے لئے۔ 11. چاند گرہن کی نماز کے لئے۔ 12. نماز استسقاء کے لئے۔ 13. جب مجنون۔مست و بیہوش اچھا ہو جائے۔ 14. رفع خوف و دفع مصیبت کی نمازوں کے لئے۔ 15. دن کی تاریکی و سخت آندھی کے وقت۔ 16. نیا کپڑا پہنتے وقت۔ 17. آدمیوں کے مجمع جانے کے لئے۔ 18. پچھنے (فصد۔ٹیکا) لگنے کے بعد 1۹. میت کو غسل دینے کے وقت اور غسل دینے کے بعد غسل دینے والے کے لئے۔ 20. اس شخص کے لئے غسل مستحب ہے جس کے قتل کا قصد کیا جائے خواہ جبراً قتل کیا جائے یا قصاص میں یا ظلم سے۔ 21. کسی گناہ سے توبہ کے لئے۔ 22. جب کوئی مسلمان ہو جائے اور وہ جنابت میں نہ ہو تو اس کو غسل کرنا۔ 23. سفر سے واپس وطن پہنچنے پر۔ 24. مجالسِ خیر میں حاضر ہونے کے لئے۔ 25. استحاضہ والی عورت کو جبکہ اس کا استحاضہ دور ہو جائے۔
Top