تیمم کرنے کا پورا مسنون طریقہ
تیمم کرنے کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ بسم اللّٰہ پڑھ کر نیت کرے کہ میں ناپاکی دور کرنے اور نماز پڑھنے کے لئے تیمم کرتا ہوں پھر دونوں ہاتھوں کو پاک مٹی کے بڑے ڈھیلے پر اپنے دونوں ہاتھوں کی ہتھیلیوں کی اندرونی جانب سے کشادہ کر کے مار کر ملتا ہوا آگے کو لائے اور پھر پیچھے کو لے جائے پھر ان کو اٹھا کر اس طرح جھاڑے کہ دونوں ہتھیلیوں کو نیچے کی طرف جھکا کر دونوں انگوٹھوں کو آپس میں ٹکرا دے تاکہ زائد مٹی جھڑ جائے اور جھاڑنے کے لئے دونوں ہتھیلیوں کو آپس میں نہ ملے کہ اس طرح ضرب بیکار ہو جائے گی، اگر زیادہ مٹی لگ جائے تو منھ سے پھونک دے پھر دونوں ہاتھوں سے اپنے پورے منھ پر اوپر سے نیچے کو اس طرح مسح کرے کہ کوئی جگہ ایسی باقی نہ رہے جہاں ہاتھ نہ پہنچے ایک بال برابر بھی جگہ چھوٹ جائے گی تو تیمم جائز نہ ہو گا پھر داڑھی کا خلال کرے پھر دوسری مرتبہ پہلے کی طرح مٹی پر مارے اور جھاڑے اور کلمہ کی انگلی اور انگوٹھے کے سوا بائیں ہاتھ کی تین انگلیوں کو دائیں ہاتھ کے انگوٹھے کے سوا باقی چاروں انگلیوں کے سرے پر پشت کی جانب رکھ کر کہنیوں تک کھینچ لائے اس طرح کہ بائیں ہاتھ کی کچھ ہتھیلی بھی لگ جائے اور کہنیوں کا مسح بھی ہو جائے پھر باقی دونوں انگلیوں ( یعنی انگشت شہادت اور انگوٹھا) اور ہاتھ کی باقی ہتھیلی کو دوسری جانب رکھ کر کہنی کی طرف سے کلائی تک کھینچتا ہوا لائے اور انگوٹھے کے اوپر کی جانب بھی اس کے ساتھ ہی مسح کرے ایک عضو کا مسح پورا ہونے سے پہلے اگر ہاتھ اٹھا لیا تو ضرب باطل ہو جائے گی۔ اسی طرح دائیں ہاتھ کے ساتھ بائیں ہاتھ کا مسح کرے پھر انگلیوں کا خلال کرے ، وضو اور غسل دونوں کے تیمم کا یہی ایک طریقہ ہے ، اگر انگوٹھی وغیرہ ہو تو اس کو اتار کر ہلا کر اس کی جگہ بھی مسح کرے
Top