معارف الحدیث - دعوت الی الخیر امربالمعروف نہی عن المنکر - حدیث نمبر 1919
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: الشَّهِيدُ لَا يَجِدُ أَلَمِ الْقَتْلِ إِلاَّ كَمَا يَجِدُ أَحَدُكُمْ مِنْ أَلَمِ الْقَرْصَةِ. (رواه الترمذى والنسائى والدارمى)
فی سبیل اللہ جہاد و قتال اور شہادت
حضرت ابوہریرہ ؓٗ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا راہ خدا میں شہید ہونے والا بندہ قتل کئے جانے کی بس اتنی ہی تکلیف محسوس کرتا ہے جتنی تکلیف تم میں سے کوئی آدمی چیونٹی کے کاٹ لینے کی محسوس کرتا ہے۔ (جامع ترمذی، سنن نسائی، سنن دارمی)

تشریح
جس طرح ہماری اس دنیا میں آپریشن کی جگہ کو دوا یا انجکشن کے ذریعے سن کر کے بڑے بڑے آپریشن کیے جاتے ہیں اور اس کی وجہ سے آپریشن کی تکلیف برائے نام ہی محسوس ہوتی ہے اس طرح سمجھنا چاہیے کہ جب کوئی بندہ رہا ہے خدا میں شہید کیا جاتا ہے تو اللہ تعالی کی طرف سے اس پر ایسی کیفیت طاری کردی جاتی ہے کہ اس کو اس سے زیادہ تکلیف محسوس نہیں ہوتی جتنی کسی کو چیونٹی کے کاٹنے سے ہوتی ہے۔ جامع ترمذی ہی کی ایک دوسری روایت میں ہے کہ جب کوئی بندہ راہ خدا میں شہید کیا جاتا ہے تو اسی وقت جنت میں اسکا جو ٹھکانا ہے وہ اس کے سامنے کر دیا جاتا ہے (يرى مقعده من الجنة) جنت کے اس نظارہ کی لذت و محویت بھی ایسی چیز ہے جس کی وجہ سے قتل کی تکلیف محسوس نہ ہونا قرین قیاس ہے۔
Top