معارف الحدیث - کتاب المناقب والفضائل - حدیث نمبر 1976
عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «أَنَا قَائِدُ الْمُرْسَلِينَ وَلَا فَخْرَ، وَأَنَا خَاتَمُ النَّبِيِّينَ وَلَا فَخْرَ، وَأَنَا أَوَّلُ شَافِعٍ وَأَوَّلُ مُشَفَّعٍ وَلَا فَخْرَ» (رواه الدارمى)
رسول اللہ ﷺ کے فضائل اور مقامات عالیہ
حضرت جابر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ میں (بروز قیامت) پیغمبروں کا قائد اور پیش رو ہوں گا اور یہ بات میں بطور فخر نہیں کہتا اور میں خاتم النبیین ہوں اور یہ بھی میں ازراہ فخر نہیں کہتا اور میں پہلا شفاعت کرنے والا ہوں گا اور سب سے پہلے میری شفاعت قبول فرمائی جائے گی اور یہ بھی میں بطور فخر نہیں کہنا۔ (مسند دارمی)

تشریح
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ رسول اکرم ﷺ جو خاتم النبیین ہیں اور اس دنیا میں اللہ کے سارے نبیوں رسولوں کے بعد آئے قیامت کے دن آپ سب انبیاء و مرسلین کے قائد و پیش رو ہونگے۔ پھر آپ نے اسی قیامت کے دن شفاعت اور شفاعت کی قبولیت میں اپنی اولیت اور سابقیت کا ذکر بھی فرمایا جس کا ذکر مندرجہ بالا متعدد حدیثوں میں بھی آ چکا ہے اور آپ ﷺ نے اس حدیث میں بھی اللہ تعالی کے انعامات کا ذکر کے ساتھ فرمایا "ولافخر"۔
Top