معارف الحدیث - کتاب المناقب والفضائل - حدیث نمبر 2044
عَنْ أَنَسٍ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ صَعِدَ أُحُدًا، وَأَبُو بَكْرٍ، وَعُمَرُ، وَعُثْمَانُ فَرَجَفَ بِهِمْ، فَضَرَبَهُ بِرِجْلِهِ فَقَالَ: «اثْبُتْ أُحُدُ فَإِنَّمَا عَلَيْكَ نَبِيٌّ، وَصِدِّيقٌ، وَشَهِيدَانِ» (رواه البخارى)
فضائل حضرت عثمان ذو النورین
حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ (ایک دن) احد پہاڑ پر چڑھے اور ابو بکرؓ و عمرؓ و عثمانؓ (بھی آپؓ کے ساتھ تھے) احد پہاڑ ان کی وجہ سے کانپنے لگا (اور اس میں حرکت پیدا ہو گئی) تو حضور ﷺ نے اپنا قدم مبارک مارا اور فرمایا، اے احد! ٹھہر جا ساکن ہو جا اس وقت تیرے اوپر اللہ کا ایک نبی ہے اور ایک صدیق ہے اور دو شہید ہیں ..... (صحیح بخاری)

تشریح
بلاشبہ پہاڑ میں حرکت پیدا ہو جانا حضور ﷺ کا معجزہ تھا اور حضرت عمرؓ و حضرت عثمانؓ کو شہید فرمانا یہ آپؓ کا دوسرا معجزہ تھا، حضرت عمر ؓ حضور ﷺ کی وفات کے قریباً بارہ ۱۲ سال بعد شہید ہوئے اور حضرت عثمانؓ قریباً چوبیس ۲۴ سال بعد۔ بلاشبہ ان دونوں حضرات کے شہید ہونے کی اطلاع آپ ﷺ کو اللہ تعالیٰ کی وحی سے ہی ملی تھی۔
Top