معارف الحدیث - کتاب المناقب والفضائل - حدیث نمبر 2077
عَنْ جَابِرٍ قَالَ نَظَرَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَى طَلْحَةَ بْنِ عُبَيْدِ اللَّهِ قَالَ: مَنْ سَرَّهُ أَنْ يَنْظُرَ إِلَى شَهِيدٍ يَمْشِي عَلَى وَجْهِ الأَرْضِ فَلْيَنْظُرْ إِلَى طَلْحَةَ. (رواه الترمذى)
حضرت طلحہ بن عبید ؓ
حضرت جابر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے طلحہ ابن عبیداللہ کو دیکھ کر فرمایا جس کے لئے یہ بات خوشی اور مسرت کا باعث ہو کہ وہ کسی ایسے شہید کو دیکھے جو زمین پر چل پھر رہا ہو تو وہ طلحہ ابن عبیداللہ کو دیکھ لے۔ (جامع ترمذی)

تشریح
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے رسول اللہ ﷺ پر یہ بات منکشف فرما دی گئی تھی کہ حضرت طلحہ بن عبیداللہ شہید ہوں گے، آپ ﷺ نے اس ارشاد میں جس خاص انداز میں ان کے شہید ہونے کی اطلاع دی، ظاہر ہے کہ اس سے حضور ﷺ کا مقصد ان کی ایک خاص فضیلت اور عنداللہ ان کی شہادت کی غیر معمولی اہمیت اور مقبولیت بیان فرمانا تھا۔ حضرت طلحہ ابن عبیداللہ رسول اللہ ﷺ کے وصال فرمانے کے قریباً پچیس سال بعد جنگ جمل میں شہید ہوئے۔ بلاشبہ آنحضرت ﷺ کا ان کی شہادت کی اطلاع دینا آپ کے معجزات میں سے ہے۔
Top