معارف الحدیث - کتاب الطہارت - حدیث نمبر 427
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : « لَوْلاَ أَنْ أَشُقَّ عَلَى أُمَّتِي أَوْ عَلَى النَّاسِ لَأَمَرْتُهُمْ بِالسِّوَاكِ عِنْدَ كُلِّ صَلاَةٍ »
مسواک کی اہمیت اور فضیلت
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا کہ اگر یہ خیال نہ ہوتا کہ میری امت پر بہت مشقت پڑ جائے گی تو میں ان کو ہر نماز کے وقت مسواک کرنے کا حتمی امر کرتا۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)

تشریح
مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی نگاہ میں مسواک کی محبوبیت اور اس کے عظیم فوائد دیکھتے ہوئے میرا جی چاہتا ہے کہ اپنے ہر امتی کے لئے حکم جاری کر دوں کہ وہ ہر نماز کے وقت مسواک ضرور کیا کرے۔ لیکن ایسا حکم میں نے صرف اس خیال سے نہیں دیا کہ اس سے میری امت پر بہت بوجھ پڑ جائے گا اور ہر ایک کے لئے اس کی پابندی مشکل ہو گی، غور سے دیکھا جائے تو یہ بھی ترغیب و تاکید کا ایک عنوان ہے اور بلا شبہ بڑا مؤثر عنوان ہے۔ فائدہ ..... اسی حدیث کی بعض روایات میں " عِنْدَ كُلِّ صَلَاةٍ " کی بجائے " عِنْدَ كُلِّ وُضُوءٍ " بھی وارد ہوا ہے اور مطلب دونوں کا قریب قریب ایک ہی ہے۔ (صحیح بخاری کتاب الصوم، باب السواک الرطب والیابس للصائم)
Top