معارف الحدیث - کتاب الصلوٰۃ - حدیث نمبر 591
عَنْ مُعَاذِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ الْجُهَنِيِّ قَالَ : أَنَّ رَجُلًا ، مِنْ جُهَيْنَةَ أَخْبَرَهُ ، أَنَّهُ سَمِعَ رَسُوْلَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ « قَرَأَ فِي الصُّبْحِ إِذَا زُلْزِلَتِ الْأَرْضُ فِي الرَّكْعَتَيْنِ كِلْتَيْهِمَا » فَلَا أَدْرِي أَنَسِيَ أَمْ قَرَأَ ذَلِكَ عَمْدًا. (رواه ابوداؤد)
نماز فجر میں رسول اللہ ﷺ کی قرأت
معاذ بن عبداللہ الجہنی سے روایت ہے کہ قبیلہ جہینہ کے ایک صاحب نے ان سے بیان کیا کہ انہوں نے ایک دفعہ صبح کی نماز کی دونوں رکعتوں میں رسول اللہ ﷺ کو إِذَا زُلْزِلَتِ پڑھتے ہوئے سنا۔ (آگے ان صاحب نے کہا کہ) مجھے معلوم نہیں کہ آپ ﷺ نے بھول کر ایسا کیا یا عمدا آپ ﷺ نے دونوں رکعتوں میں ایک ہی سورت پڑھی۔ (سنن ابی داؤد)

تشریح
چونکہ رسول اللہ ﷺ کا عام دستور دو رکعتوں میں الگ الگ دو سورتیں پڑھنے کا تھا اس لئے جب ایک دفعہ آپ ﷺ نے دونوں رکعتوں میں " إِذَا زُلْزِلَتِ " پڑھی تو ان صحابی کو یہ شبہ ہو گیا کہ آپ ﷺ نے بھول کر ایسا کیا یا یہ بتانے اور جتانے کے لئے کہ یہ بھی جائز ہے آپ ﷺ نے عمداً ایسا کیا۔
Top