معارف الحدیث - کتاب الصلوٰۃ - حدیث نمبر 799
عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا : « أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كُفِّنَ فِي ثَلاَثَةِ أَثْوَابٍ يَمَانِيَةٍ بِيضٍ ، سَحُولِيَّةٍ لَيْسَ فِيهِنَّ قَمِيصٌ وَلاَ عِمَامَةٌ » (رواه البخارى ومسلم)
کفن میں کیا کیا اور کیسے کپڑے ہونے چاہئیں ؟
حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ (وصال کے بعد) تین سفید یمنی کپڑوں میں کفنائے گئے جو سحولی تھے، ان تین کپڑوں میں نہ تو کرتا تھا اور نہ عمامہ۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)

تشریح
اکثر شارحین نے سحولی کی تشریح میں کہا ہے کہ یمن کے علاقہ میں سحول ایک بستی تھی جہاں کے کپڑے مشہور تھے۔ بعض حضرات نے اس کے دوسرے معنی بھی بیان کئے ہیں، لیکن راجح یہی ہیں۔ رسول اللہ ﷺ وفات سے پہلے بھی یمنی چادریں استعمال فرماتے تھے، وصال کے بعد آپ کے کفن میں بھی وہی استعمال کی گئیں اور آپ ﷺ کو تین کپڑوں میں کفنایا گیا جس میں نہ کرتا تھا اور نہ عمامہ۔ اور مردوں کے لئے کفن کے تین ہی کپڑے مسنون ہیں۔
Top