معارف الحدیث - کتاب الحج - حدیث نمبر 1047
عَنْ أَبِي سَعِيْدٍ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " لَا تُشَدُّ الرِّحَالُ إِلَّا لِثَلَاثَةِ مَسَاجِدَ : مَسْجِدِ الْحَرَامِ ، وَمَسْجِدِي هَذَا ، وَالْمَسْجِدِ الْأَقْصَى " (رواه البخارى ومسلم)
مسجد نبوی ﷺ کی عظمت و فضیلت
حضرت ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ: دنیا میں صرف تین مسجدیں ہیں، ان کے سوا کسی مسجد کے لیے رخت سفر نہ باندھا جائے۔ مسجد حرام، مسجد اقصیٰ (بیت المقدس) اور میری یہ مسجد (مسجد نبوی ﷺ)۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)

تشریح
مطلب یہ ہے کہ یہ عظمت و شرف صرف ان تین مسجدوں کو حاصل ہے کہ ان میں اللہ کی عبادت کرنے کے لیے سفر کرنا درست ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کے قرب و رضا کا باعث ہے۔ ان کے علاوہ کسی مسجد کو یہ درجہ اور شرف حاصل نہیں ہے، بلکہ ان کے لیے سفر کرنے کی ممانعت ہے۔ ظاہر ہے کہ اس حدیث کا تعلق صرف مساجد سے ہے، اور بلا شبہ اس حدیث کی رو سے مسجد حرام اور مسجد نبوی ﷺ اور مسجد اقصیٰ کے سوا دنیا کی کسی بھی مسجد میں عبادت کے لیے سفر کرنا ممنوع ہے، لیکن دوسرے جائز دنیوی و دینی مقاصد مثلاً تجارت، تحصیل دین، صحبت صلحاء اور تبلیغ و دعوت وغیرہ کے لیے سفر کرنے سے اس حدیث کا کوئی تعلق نہیں۔
Top