معارف الحدیث - کتاب الاذکار والدعوات - حدیث نمبر 1111
عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: مَنْ أَرَادَ أَنْ يَنَامَ عَلَى فِرَاشِهِ ثُمَّ قَرَأَ قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ مِائَةَ مَرَّةٍ فَإِذَا كَانَ يَوْمُ القِيَامَةِ يَقُولُ لَهُ الرَّبُّ: يَا عَبْدِيَ ادْخُلْ عَلَى يَمِينِكَ الجَنَّةَ. (رواه الترمذى)
سورہ زلزال ، سورہ کافرون ، سورہ اخلاص
حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "جو شخص بستر پر سونے کا ارادہ کرے، پھر وہ (سونے سے پہلے) سو دفعہ سورہ "قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ" پڑھے تو، جب قیامت قائم ہو گی تو اللہ تعالیٰ اس سے فرمائے گا: "اے میرے بندے! اپنے داہنے ہاتھ پر جنت میں چلا جا"۔ (جامع ترمذی)

تشریح
"عَلَى يَمِينِكَ" (اپنے داہنے ہاتھ پر) کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ بندہ حساب کے موقف میں جہاں ہو گا وہاں سے جنت اس کے داہنی جانب ہو گی اور اس سے فرمایا جائے گا کہ: "اپنے داہنے رخ پر چل کر جنت میں چلا جا" دوسرا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ خود جنت کا جو داہنی جانب کا حصہ ہو گا وہ بائیں جانب کے حصہ سے افضل ہو گا، اور اس بندے سے فرمایا جائے گا کہ: "تو داہنی جانب والی جنت میں چلا جا" بلاشبہ بڑا سستا ہے یہ سودا کہ سونے سے پہلے صرف سو دفعہ قُلْ هُوَ اللّٰهُ شریف پڑھنے پر یہ دولت نصیب ہو جائے۔ اللہ تعالیٰ توفیق دے کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ اللہ کے بعض بندوں کو دیکھا ہے کہ ان کا رات کو سونے سے پہلے کا روزمرہ کا معمول اس سے بہت زیادہ ہے۔
Top