معارف الحدیث - کتاب الاذکار والدعوات - حدیث نمبر 1219
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: إِنَّ رَجُلاً قَالَ: يَا رَسُولَ اللهِ، إِنِّي أُرِيدُ أَنْ أُسَافِرَ فَأَوْصِنِي، قَالَ: عَلَيْكَ بِتَقْوَى اللهِ، وَالتَّكْبِيرِ عَلَى كُلِّ شَرَفٍ، فَلَمَّا أَنْ وَلَّى الرَّجُلُ، قَالَ: اللَّهُمَّ اطْوِ لَهُ البُعْدَ، وَهَوِّنْ عَلَيْهِ السَّفَرَ. (رواه الترمذى)
سفر پر جانے والے کو وصیت اور اس کے لئے دعا
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں عرض کیا کہ: میرا ارادہ سفر کا ہے، حضور ﷺ مجھے کچھ وصیت اورا نصیحت فرمائیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: پہلی وصیت تو یہ ہے کہ اللہ کا خوف اور اس کی ناراضی سے بچنے کی فکر کو لازم پکڑ لو (اس بارے میں ادنیٰ تساہل اور غفلت نہ ہو) اور دوسری بات یاد رکھو کہ اثناءِ سفر میں جب کسی بلندی پر پہنچنا ہو تو "اللہ اکبر" کہو۔ پھر جب وہ آدمی روانہ ہو گیا تو آپ ﷺ نے دعا دی: "اللَّهُمَّ اطْوِ لَهُ البُعْدَ، وَهَوِّنْ عَلَيْهِ السَّفَرَ" (اے اللہ! اس کے طولِ مسافت کو سمیٹ کر مختصر کر دے، اور سفر کو اس کے واسطے آسان فرما دے)۔ (جامع ترمذی)
Top