معارف الحدیث - کتاب الاذکار والدعوات - حدیث نمبر 1299
عن ابن عمر (مَرْفُوْعًا) «قُلِ: اللَّهُمَّ إِنِّي ضَعِيفٌ فَقَوِّ فِي رِضَاكَ ضَعْفِي، وَخُذْ إِلَى الْخَيْرِ بِنَاصِيَتِي، وَاجْعَلِ الْإِسْلَامَ مُنْتَهَى رِضَائِي، اللَّهُمَّ إِنِّي ضَعِيفٌ فَقَوِّنِي، وَإِنِّي ذَلِيلٌ فَأَعِزَّنِي، وَإِنِّي فَقِيرٌ فَارْزُقْنِىْ» (رواه الطبرانى فى الكبير)
جامع اور ہمہ گیر دعائیں
حضرت عبداللہ بن عمر ؓ نے رسول اللہ ﷺسے یہ دعا روایت کی ہے: "اللَّهُمَّ إِنِّي ضَعِيفٌ تا وَإِنِّي فَقِيرٌ فارزقني" (اے میرے اللہ! میں تیرا ایک کمزور بندہ ہوں تو اپنی رضاطلبی کی راہ میں میری کمزوری کو قوت سے بدل دے (تا کہ میں پوری تندہی اور تیز رفتاری سے تیری رضا کے لئے کام کر سکوں) اور میری پیشانی پکڑ کے میرا رُخ خیر کی طرف کر دے، اور اسلام کو میرا منتہائے رضا بنا دے (یعنی میری انتہائی خوشی یہ ہو کہ میں پورا پورا مسلم ہو جاؤں) اے میرے اللہ! میں ضعیف و ناتواں ہوں، تو میری ناتوانی کو توانائی سے بدل دے اور میں ذلت و پستی کے حال میں ہوں تو مجھے عزت بخش دے، اور میں فقیر و نادار ہوں تو مجھے میری ضرویات عطا فرما دے)۔ (معجم کبیر طبرانی)
Top