مشکوٰۃ المصابیح - آداب کا بیان - حدیث نمبر 4671
وعن مسروق قال لقيت عمر فقال من أنت ؟ قلت مسروق بن الأجدع . قال عمر سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول الأجدع شيطان رواه أبو داود وابن ماجه .
" اجدع" شیطانی نام ہے
حضرت مسروق (تابعی) کہتے ہیں کہ جب میں حضرت عمر ؓ سے ملا تو انہوں نے پوچھا کہ تم کون ہو؟ میں نے عرض کیا کہ میں اجدع کا بیٹا مسروق ہوں۔ حضرت عمر ؓ نے (میرے باپ کا نام اجدع سن کر) فرمایا کہ میں نے رسول اللہ ؓ کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ اجدع ایک شیطان کا نام ہے۔ (ابوداؤد، ابن ماجہ)

تشریح
اجدع اصل میں اس کو کہتے ہیں جس کے کان، ناک، ہونٹ اور ہاتھ کٹے ہوئے ہوں اور کنایۃ اس نام کا اطلاق اس شخص پر کیا جاتا ہے جس کی کسی بات میں کوئی وزن اور دلیل نہ ہو اسی مناسبت سے ایک شیطان کو اجدع کہا جاتا ہے۔ حضرت عمر ؓ کا حضرت مسروق ؓ کے بارے میں پوچھنا اور پھر آنحضرت ﷺ کا مذکورہ ارشاد نقل کرنا گویا تفتن طبع کے طور پر تھا اور اس کے ذریعہ اس طرف اشارہ کرنا مقصود تھا کہ اگر تمہارے والد حیات ہوں تو ان کا یہ نام بدل دو۔
Top