مشکوٰۃ المصابیح - آداب کا بیان - حدیث نمبر 4754
وعن أنس قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم ما كان الفحش في شيء إلا شانه وما كان الحياء في شيء إلا زانه . رواه الترمذي
بدگوئی عیب دار بناتی ہے اور نرم گوئی، زینت بخشتی ہے۔
اور حضرت انس ؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس چیز میں بدگوئی اور سخت کلام ہو اس کو عیب دار بنا دیتی ہے اور جس چیز میں حیاء و نرمی ہو اس کو زیب وزینت عطا کرتی ہے۔ (ترمذی)

تشریح
طیبی کہتے ہیں کہ اس ارشاد گرامی میں فحش یعنی بدگوئی و سخت کلامی اور اس کے مقابلہ پر حیاء یعنی نرم گوئی کی تاثیر وشان کو مبالغہ کے طور پر ذکر کیا گیا ہے اگر بالفرض فحش یا حیاء کسی پتھر یا لکڑی میں پیدا ہوجائے تو اس کو عیب دار یا بازینت بنا دے اس سے معلوم ہوا کہ بدگوئی وسخت کلامی شخصیت میں نقص و عیب پیدا کرنے کا ذریعہ ہے جب کہ نرم گوئی وخوش کلامی شخصیت میں وقار کو ظاہر کرتی ہے۔
Top