مشکوٰۃ المصابیح - آداب کا بیان - حدیث نمبر 4793
وعن ابن عمر قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم الكريم ابن الكريم ابن الكريم ابن الكريم يوسف بن يعقوب بن إسحاق بن إبراهيم . رواه البخاري . ( متفق عليه )
سب سے زیادہ مکرم کون ہے
اور حضرت ابن عمر ؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کریم بن کریم ابن کریم اگر کوئی ہوسکتا ہے تو وہ حضرت یوسف بن یعقوب بن اسحق بن ابراہیم ہیں۔ (بخاری)

تشریح
مطلب یہ ہے کہ خاندانی شرافت و عظمت اور نسبی برتری کی جو خصوصیات حضرت یوسف کو حاصل ہے وہ کسی اور کو نہیں سب سے بڑا شرف ان کے علاوہ اور کسی انسان کو حاصل نہیں ہوا کہ وہ خود نبی تھے ان کے باپ نبی تھے ان کے دادا نبی تھے اور ان کے پڑدادا نبی تھے اس خصوصیت کے علاوہ ان کو حسن و جمال، عدل و انصاف، علم و دانائی اور ریاست و حکومت کے جو اوصاف حاصل تھے ان کے اعتبار سے ان کی ذاتی مکرمت کو شرافت کو سب سے برتر مقام حاصل ہے۔
Top