مشکوٰۃ المصابیح - جنازوں کا بیان - حدیث نمبر 1560
وعن أبي هريرة رضي الله عنه قال : ذكرت الحمى عند رسول الله صلى الله عليه و سلم فسبها رجل فقال النبي صلى الله عليه و سلم : لا تسبها فإنها تنفي الذنوب كما تنفي النار خبث الحديد . رواه ابن ماجه
بخار کو برا نہ کہو
حضرت ابوہریرہ ؓ فرماتے ہیں کہ (ایک مرتبہ) رسول کریم ﷺ کے سامنے بخار کا ذکر ہوا تو ایک شخص اسے برا کہنے لگا (یہ سن کر) آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ بخار کو برا نہ کہو کیونکہ بخار گناہوں کو اسی طرح دور کرتا ہے جس طرح آگ لوہے کے میل کو دور کردیتی ہے۔ (ابن ماجہ)

تشریح
مطلب یہ ہے کہ جب بخار گناہوں کو دور کردیتا ہے تو عقل و دانش کا تقاضہ یہ ہونا چاہئے کہ بخار کے معاملہ میں شکر گزاری کی راہ پر لگا جائے نہ کہ ناشکری کی جائے چناچہ مشائخ رحمہم اللہ نے لکھا ہے کہ بلا و مصیبت میں بھی اسی طرح شکر الٰہی کی جائے جس طرح نعمت و راحت میں اللہ کا شکر ادا کیا جاتا ہے۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ کسی پر جب کوئی بلا نازل فرماتا ہے تو اس بلاء میں بھی اس کی کوئی نہ کوئی رحمت ہی پوشیدہ ہوتی ہے۔
Top