مشکوٰۃ المصابیح - نماز کا بیان - حدیث نمبر 810
وَعَنْ اَبِیْ زُھَیْرٍ النُّمَیْرِیِّ قَالَ خَرَجْنَا مَعَ رَسُوْلِ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم ذَاتَ لَیْلَۃٍ فَاٰ تَیْنَا عَلٰی رَجُلٍ قَدْ اَلَحْ فِی الْمَسَاَلَۃِ فَقَالَ النَّبِیُّ صلی اللہ علیہ وسلم اَوْجَبَ اِنْ خَتَمَ فَقَالَ رَجُلٌ مِنَ الْقَوْمِ بَاَیِّ شَیْئٍ یَخْتِمُ قَالَ بِاٰۤمِیْنَ۔(رواہ ابوداؤد)
آمین کی برکت
اور حضرت ابوزہیر نمیری فرماتے ہیں کہ ایک رات کو ہم آقائے نامدار ﷺ کے ہمراہ (باہر) نکلے اور ایک ایسے آدمی کے پاس آئے جو دعا کرنے میں از حد ازاری کر رہا تھا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا واجب کیا اگر ختم کیا ایک آدمی نے پوچھا کہ (یا رسول اللہ ﷺ کس چیز کے ساتھ ختم کرے؟ فرمایا آمین کے ساتھ۔ (ابوداؤد)

تشریح
واجب کیا اگر ختم کیا کا مطلب یہ ہے کہ اگر یہ آدمی اپنی دعا پر آمین کہہ کر مہر لگا دے یا آمین پر ختم کر دے تو اس کے لئے جنت و مغفرت واجب ہوگئی یعنی یہ جنت و مغفرت کا حق دار ہوگیا یا اس کی دعا قبول ہوگئی۔ ختم کے دو معنی نقل کئے گئے ہیں مہر لگانا یا ختم کرنا۔ پہلے معنی اس حدیث امین خاتم رب العالمین کی مناسب سے زیادہ اولی و بہتر ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ آمین اللہ رب العالمین کی مہر ہے اس کی وجہ سے آفات و بلائیں ختم ہوتی ہیں جس طرح سے کہ مہر سے خط محفوظ رہتا ہے یا وہ چیزیں قابل اعتماد ہوتی ہیں جن پر مہر لگی ہوئی ہوتی ہے۔ لہٰذا آپ ﷺ کے ارشاد کا مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی آدمی اپنے پروردگار سے دعا مانگے تو اس کو چاہئے کہ دعائیہ کلمات کہنے کے بعد آمین بھی کہے تاکہ اس کی برکت کی وجہ سے وہ بارگاہ قاضی الحاجات میں مقبولیت کے مرتبے سے نوازی جائے اور وہ دعا کامل رہے کیونکہ آمین بمنزلہ مہر کے ہے۔
Top