مشکوٰۃ المصابیح - کتاب و سنت کو مضبوطی سے پکڑنے کا بیان - حدیث نمبر 153
وَعَنْہ، قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وسلم کَفٰی بِالْمَرْءِ کَذِبًا اَنْ ےُّحَدِّثَ بِکُلِّ مَا سَمِعَ ۔ (مسلم)
کتاب اور سنت کو مضبوطی سے پکڑنے کا بیان
اور حضرت ابوہریرہ ؓ راوی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا انسان کے جھوٹ بولنے کے لئے یہی کافی ہے کہ وہ جس بات کو سنے (بغیر تحقیق کے) اسے نقل کر دے۔ (صحیح مسلم)

تشریح
مطلب یہ ہے کہ اگر کوئی جھوٹ نہ بولتا ہو لیکن اس کی عادت یہ ہے کہ جو کچھ سنے بغیر تحقیق و تفتیش کے اسے نقل کردیتا ہے اور لوگوں میں اسے مشہور کردیتا ہے تو جھوٹ بولنے کے یہی بہت ہے، کیونکہ سنی سنائی باتوں پر اعتماد کرلینا اور بغیر تحقیق کے اس کو پھیلا دینا جھوٹ کا پہلا زینہ ہے، جو آدمی ایسی عادت میں مبتلا ہوگا وہ یقینا جھوٹ کی لعنت میں گرفتار ہوگا کیونکہ وہ جو کچھ سنتا ہے اس میں سب سچ نہیں ہوتا کچھ جھوٹ بھی ہوتا ہے اور جب وہ سچ کے ساتھ جھوٹ کو نقل کرتا ہے تو وہ بھی جھوٹ ہوتا ہے۔ دراصل اس کا مقصد اس بات سے منع کرنا ہے کہ جس چیز کی حقیقت معلوم نہ ہو اور اس کی صداقت کا علم نہ ہو تو اسے بیان کرنا یا اس کی تشہیر کرنا نہیں چاہیے۔
Top