مشکوٰۃ المصابیح - ممنوع چیزوں یعنی ترک ملاقات انقطاع تعلق اور عیب جوئی کا بیان - حدیث نمبر 4908
وعن أبي هريرة أن النبي صلى الله عليه وسلم قال إذا عاد المسلم أخاه أو زاره قال الله تعالى طبت وطاب ممشاك وتبوأت من الجنة منزلا . رواه الترمذي وقال هذا حديث غريب
مسلمان بھائی کی عیادت کرنے اور ملاقات کے لئے اس ہاں جانے کا ثواب
اور حضرت ابوہریرہ ؓ کہتے ہیں کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جب کوئی مسلمان اپنے کسی مسلمان بھائی کی عیادت کے لئے اس کی ملاقات کی خاطر اس کے ہاں جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ بلاواسطہ یا فرشتوں کی زبانی فرماتا ہے کہ دنیا و آخرت میں تیری زندگی خوش ہوئی تیرا چلنا مبارک رہا، تو چل کر یہاں تک آیا ہر قدم پر تجھے ثواب ملا اور تجھ کو جنت میں ایک بڑی اور عالی مرتبہ جگہ حاصل ہوئی اس روایت کو ترمذی نے نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث غریب ہے۔

تشریح
دنیا میں زندگی کو خوشی اطمینان ملنے کا تعلق جن چیزوں سے ہے وہ یہ ہیں کہ قناعت و توکل کی دولت نصیب ہوجائے رضائے الٰہی کی سعادت ملے رزق میں برکت ملے قلب میں وسعت و حوصلہ، عادات اطور میں تہذیب و شائستگی اور علم و عمل کی توفیق حاصل ہو۔ واضح رہے کہ یہ تینوں لفظ طیب طاب اور تبوات بطور خبر نقل ہوئے ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ اس شخص کو اللہ کی طرف سے مذکورہ چیزوں کے حاصل ہوجانے کی خوش خبری دی جاتی ہے لیکن یہ بھی احتمال ہے کہ یہ تینوں لفظ دعائیہ جملہ کے طور پر منقول ہوں اس صورت میں ان الفاظ کے معنی یہ ہوں گے تیری زندگی کو خوشی و راحت نصیب ہو تیرا راہ چلنا مبارک ثابت ہو اور تجھے جنت میں اعلی مقام حاصل ہو۔
Top