مشکوٰۃ المصابیح - معجزوں کا بیان - حدیث نمبر 5849
وعن بريدة قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : لما انتهينا إلى بيت المقدس قال جبريل بأصبعه فخرق بها الحجر فشد به البراق . رواه الترمذي
معراج سے متعلق ایک اور معجزہ
اور حضرت بریدہ ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا ( معراج کی رات میں) جب ہم بیت المقدس پہنچے تو حضرت جبرائیل (علیہ السلام) نے اپنی انگلی سے اشارہ کیا اور اس اشارہ کے ذریعہ پتھر میں سوارخ ہوگیا اور پھر ( میں نے یا حضرت جبرائیل (علیہ السلام) نے) اس سوراخ کئے ہوئے پتھر سے براق کو باندھا۔ ( ترمذی)

تشریح
باب المعراج میں حضرت انس ؓ کی یہ روایت گزری ہے کہ براق کو اس حلقہ سے باندھا جس سے تمام انبیاء (علیہم السلام) ( اپنے براق) باندھتے تھے، پس اس روایت اور اس روایت کے درمیان بظاہر جو تضاد نظر آتا ہے اس کو رفع کرنے کے لئے شارحین نے لکھا ہے کہ حضرت انس ؓ والی روایت میں حلقہ سے مراد شاید وہ جگہ ہوگی، جہاں حلقہ ( سوراخ) تھا اور پھر بند ہوگیا تھا، شب معراج میں حضرت جبرائیل (علیہ السلام) نے اپنی انگلی سے اشارہ کر کے اسی بند سوراخ کو کھولا ہوگا، دونوں روایتوں میں بس فرق یہ ہے کہ حضرت انس ؓ کی روایت میں تو حلقہ ( سوراخ) کھولنے کا ذکر نہیں کیا گیا ہے اور یہاں حضرت بریدہ ؓ کی روایت میں اس کا ذکر کیا گیا ہے۔
Top