مشکوٰۃ المصابیح - نبی کریم ﷺ کے گھر والوں کے مناقب کا بیان - حدیث نمبر 6113
فاطمہ زہرا
حضرت فاطمہ زہرا، ام المؤمنین حضرت خدیجہ کے بطن سے رسول اللہ ﷺ کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں تمام عالم کی عورتوں کی سردار ہیں ٢ ھ کے رمضان میں حضرت علی ؓ سے ان کا نکاح ہوا اور ذی الحجہ میں رخصت ہو کر حضرت علی کے گھر میں آئیں ان کے بطن سے حسن، حسین، زینب، ام کلثوم اور رقیہ پیدا ہوئیں، آنحضرت ﷺ کے وصال کے چھ ماہ بعد یا ایک قول کے مطابق تین ماہ بعد مدینہ میں حضرت فاطمہ کا انتقال ہوا اور اس وقت ان کی عمر اٹھائیس سال کی تھی۔ حضرت علی نے غسل دیا اور نماز جنازہ پڑھائی۔ حضرت فاطمہ سے جن حضرات نے احادیث روایت کی ہیں ان میں حضرت علی، حضرت حسن، حضرت حسین اور دوسرے بہت سے لوگ شامل ہیں حضرت عائشہ فرمایا کرتی تھیں میں نے فاطمہ سے زیادہ صادق القول ان کے باپ (رسول اللہ ﷺ کے علاوہ اور کسی کی نہیں دیکھا۔
Top