مشکوٰۃ المصابیح - نبی کریم ﷺ کے گھر والوں کے مناقب کا بیان - حدیث نمبر 6140
وعنه قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : رأيت جعفرا يطير في الجنة مع الملائكة . رواه الترمذي وقال : هذا حديث غريب
حضرت جعفر کی فضیلت
اور حضرت ابوہریرہ ؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا! میں نے جعفر کو جنت میں فرشتوں کے ساتھ اڑتے ہوئے دیکھا ہے اس روایت کو ترمذی نے نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث غریب ہے۔

تشریح
حضرت جعفر جنگ موتہ میں اسلامی لشکر کے کماندار تھے اور اسلام کا جھنڈا ان کے ہاتھ میں تھا۔ اس جنگ میں انہوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔ اصل میں تو اس جنگ کے اسلامی کماندار حضرت زید بن حارثہ ؓ تھے لیکن دوران جنگ ان کے شہید ہوجانے کے بعد اسلامی لشکر کی کمانداری اور اسلام کا جھنڈا حضرت جعفر کے ہاتھ میں آیا چناچہ حضرت جعفر کمال مردانگی کے ساتھ اللہ کی راہ میں لڑے پہلے ان کا ایک ہاتھ کام آیا، پھر دوسرا ہاتھ بھی کام آگیا اور پھر ٹانگیں بھی قربان ہوگئیں۔ یہاں تک کہ شہید ہوگئے ادھر تو میدان جنگ میں حضرت جعفر شہید ہوئے، ادھر مدینہ منورہ میں آنحضرت ﷺ کو حالت مکاشفہ میں یا خواب میں دکھایا گیا کہ جعفر کے دو پنکھ ہیں جو خون میں لتھڑے ہوئے ہیں اور وہ اپنے ان پنکھوں کے ذریعہ فرشتوں کے ساتھ جنت میں اڑے اڑے پھر رہے ہیں۔
Top