مشکوٰۃ المصابیح - اہل بدر میں سے ان صحابہ کے ناموں کا ذکر جو جامع بخاری میں مذکور ہیں - حدیث نمبر 6267
خبیب بن عدی انصاری
حضرت خبیب جنگ بدر میں شریک تھے پھر ٣ ھ میں جب غزوہ رجیع میں گئے تو وہاں مشرکوں نے ان کو قیدی بنا لیا اور مکہ لے کر آئے یہاں مکہ میں ان کو حارث بن عامر کے بیٹوں نے خرید لیا، حارث بن عامر مکہ کا وہ مشرک تھا جس کو حضرت خبیب نے جنگ بدر میں جہنم رسید کیا تھا اور اس کا بدلہ چکانے کے لئے حارث کے بیٹوں نے ان کو خریدا، چناچہ انہوں نے پہلے تو حضرت خبیب کو قید میں ڈالے رکھا اور پھر مقام تنعیم میں ان کو سولی پر لٹکا کر شہید کردیا، حضرت خبیب پہلے مسلمان ہیں جن کو سولی پر کھینچا گیا۔ اور انہوں ہی نے مقتل میں قتل کے وقت دو رکعت نماز پڑھنے کا طریقہ جاری کیا، ایک روایت میں آیا ہے کہ جب ان کو سولی پر کھینچا جانے لگا تو یہ الفاظ ان کی زبان پر تھے کہ خدایا! یہاں میں کسی ایسے شخص کو نہیں پارہا ہوں جو پیغمبر اللہ ﷺ کو میرا سلام پہنچا دے، خدایا تو ہی میرا سلام پیغمبر اللہ ﷺ کو پہنچا۔ چناچہ منقول ہے کہ جب جبرائیل (علیہ السلام) آنحضرت ﷺ کے پاس آئے اور خبیب کا سلام پہنچا یا۔ ؓ۔
Top