مشکوٰۃ المصابیح - اہل بدر میں سے ان صحابہ کے ناموں کا ذکر جو جامع بخاری میں مذکور ہیں - حدیث نمبر 6276
سعید بن زید
حضرت سعید بن زید بن نفیل قریشی عدوی ہیں۔ عشرہ مبشرہ میں سے ہیں اور حضرت عمر فاروق کے بہنوئی تھے، قدیم الاسلام ہیں یعنی انہوں نے مکہ میں اس وقت اسلام قبول کرلیا تھا، جب آنحضرت ﷺ دار ارقم میں قیام پذیر نہیں تھے۔ انہوں نے تمام غزوات میں آنحضرت ﷺ کے ساتھ شرکت کی ہے غزوہ بدر کے موقع پر یہ طلحہ بن زبیر کے ساتھ قریش کے قافلہ کی خبر لانے کی مہم پر گئے تھے۔ حضرت سعید بن زید گندم گوں اور دراز قد تھے، گیارہویں پشت میں کعب بن لوی پر ان کا اور آنحضرت ﷺ کا سلسلہ نسب ایک ہوجاتا ہے۔ انہوں نے جب اسلام قبول کیا تھا تو اس وقت ان کی عمر بیس سال کی تھی۔ خود ان کا بیان ہے کہ جب عمر کو میرے قبول اسلام کی خبر ہوئی تو انہوں نے مجھ کو باندھ کر ڈال دیا تھا، ان کی بیوی حضرت فاطمہ بنت خطاب بھی اپنے بھائی حضرت عمر سے پہلے مشرف باسلام ہوچکی تھیں، حضرت سعید کا انتقال ٥١ ھ یا ٥٢ ھ میں مدینہ کے قریب وادی عقیق میں ہوا۔ ان کی عمر کچھ اوپر ٧٠ برس کی ہوئی۔ ان کے باپ زید بن نفیل نے زمانہ جاہلیت میں حضرت ابراہیم خلیل اللہ (علیہ السلام) کا دین اختیار کرلیا تھا اور مشرکوں کے ذبیحہ سے پرہیز کرتے تھے، انہوں نے قبل بعثت آنحضرت ﷺ سے بھی ملاقات کی تھی، ان کو موحد الجاہلیۃ کہا جاتا ہے۔
Top