مشکوٰۃ المصابیح - جن بیوع سے منع کیا گیا ہے ان کا بیان - حدیث نمبر 2894
وعنه قال : نهى رسول الله صلى الله عليه و سلم عن عسب الفحل . رواه البخاري
نرکو مادہ پر چھوڑ نے کی اجرت لینے ممانعت
حضرت ابن عمر کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے نر کو مادہ پر چھوڑنے کی اجرت وصول کرنے سے منع فرمایا ہے۔

تشریح
نر جانور خواہ اونٹ ہو خواہ گھوڑا اور خواہ کوئی اور جانور اس کو مادہ پر چھوڑنے کے لئے کسی کو دینا اور اس کی اجرت وصول کرنا منع ہے کیونکہ اس میں ایک ایسے کام کی اجرت وصول کرنا لازم آتا ہے جس کا وقوع پذیر ہونا متیقن نہیں ہوتا بایں طور کہ نر جانور کبھی تو جست کرجاتا ہے اور کبھی جست نہیں کرتا اسی طرح مادہ کبھی تو بار آور ہوتی ہے اور کبھی نہیں اسی لئے اکثر صحابہ اور فقہاء نے اسے حرام قرار دیا ہے ہاں نر جانور کو مادہ پر جست کرنے کے لئے عاریۃً دینا مستحب ہے البتہ عاریۃ دینے کے بعد اگر مادہ کا الگ اپنی طرف سے اسے کچھ بطریق انعام دے تو اس کو قبول کرلینا درست ہے۔
Top