مشکوٰۃ المصابیح - صدقہ کی فضیلت کا بیان - حدیث نمبر 1918
وعن عبد الله بن مسعود يرفعه قال : ثلاثة يحبهم الله : رجل قام من الليل يتلوا كتاب الله ورجل يتصدق بصدقة بيمينه يخفيها أراه قال : من شماله ورجل كان في سرية فانهزم أصحابه فاستقبل العدو . رواه الترمذي وقال : هذا حديث غير محفوظ أحد رواته أبو بكر بن عياش كثير الغلط
پوشیدہ طور پر صدقہ دینے کی فضیلت
حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ بطریق مرفوع نقل کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا تین شخص ایسے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ دوست رکھتا ہے ایک تو وہ شخص جو رات کے وقت کھڑا ہوتا ہے اور کتاب اللہ کی تلاوت کرتا ہے اور دوسرا وہ شخص جو نفل صدقہ اپنے داہنے ہاتھ سے دے اور اسے چھپائے راوی کہتے ہیں کہ میرا گمان ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا بائیں ہاتھ سے اور تیسرا وہ شخص جو میدان جنگ میں اس وقت دشمن کے سامنے ڈٹ گیا جب کہ اس کے ساتھیوں کو شکست ہوگئی۔ امام ترمذی نے اس روایت کو نقل کیا ہے اور فرمایا ہے کہ یہ روایت غیر محفوظ (ضعیف) ہے۔ اس کے ایک راوی ابوبکر بن عیاش ہیں جو بہت زیادہ غلطی کرتے ہیں۔

تشریح
بیمینہ، سے صدقہ دینے کے ادب کی طرف اشارہ فرمایا جا رہا ہے کہ صدقہ کا مال اپنے داہنے ہاتھ سے دیا جائے یا یہ کہ پہلے اس شخص کو صدقہ و خیرات کا مال دے جو اپنے دائیں طرف ہو۔ بائیں ہاتھ سے چھپائے کا مطلب یہ ہے کہ جب دائیں ہاتھ سے صدقہ کا مال دے تو بائیں ہاتھ کو بھی اس کی خبر نہ ہو یہ دراصل کمال پوشیدگی کے لئے مبالغہ کے طور پر فرمایا گیا ہے یعنی صدقہ کا مال انتہائی پوشیدگی کے ساتھ دیا جائے تاکہ صدقہ کا مال لینے والا عام نظروں میں اپنی کمتری محسوس نہ کرے، یا پھر ان الفاظ کے یہ معنی ہوں گے کہ صدقہ کا مال جب دائیں طرف والے کو دے تو اس کی خبر بائیں طرف والے کو بھی نہ ہونی چاہئے۔ حاصل یہ کہ اللہ تعالیٰ کی رضاء و خوشنودی کی خاطر اور ریاء و نمائش سے بچنے کے لئے اس طرح چھپا کردینا بہت زیادہ ثواب کا باعث ہے۔
Top