مشکوٰۃ المصابیح - رویت ہلال کا بیان - حدیث نمبر 1974
وعن أبي بكرة قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : شهرا عيد لا ينقصان : رمضان وذو الحجة
رمضان اور ذی الحجہ کے مہینے
حضرت ابوبکرہ ؓ راوی ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ عید کے دونوں مہینے یعنی رمضان اور ذی الحجہ ناقص نہیں ہوتے۔ (بخاری ومسلم)

تشریح
رمضان کو عید اس اعتبار سے فرمایا گیا ہے کہ یہ عید کے قریب ہوتا ہے بہرحال حدیث کا مطلب یا تو یہ ہے کہ ایک سال میں رمضان اور ذی الحجہ دونوں مہینے ناقص یعنی انتیس انتیس دن کے نہیں ہوتے یا اس کے معنی ہیں کہ آنحضرت ﷺ کے زمانہ مبارک میں یہ دونوں مہینے ناقص نہیں ہوئے ہوں گے۔ یا پھر اس ارشاد کا مطلب یہ ہوگا کہ یہ دونوں مہینے حکم اور ثواب کے اعتبار سے ناقص نہیں ہوتے اگرچہ ان میں سے ایک انتیس دن کا اور دوسرا تیس دن کا ہو یا دونوں ہی انتیس انتیس دن کے ہوں مگر ثواب پورے تیس دن کا ہی ملتا ہے۔
Top