مشکوٰۃ المصابیح - رویت ہلال کا بیان - حدیث نمبر 1985
وعن سهل قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : لا يزال الناس بخير ما عجلوا الفطر
افطار میں جلدی بھلائی ہے
حضرت سہل ؓ راوی ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا جب تک لوگ افطار میں جلدی کرتے رہیں گے بھلائی کے ساتھ رہیں گے۔ (بخاری مسلم)

تشریح
افطار میں جلدی کا مطلب یہ ہے کہ آفتاب کے غروب ہوجانے کے بعد افطار میں دیر نہ لگائی جائے، شہروں میں غروب آفتاب کی علامت یہ ہے کہ مشرق کی جانب سیاہی بلند ہوجائے یعنی جہاں سے صبح صادق شروع ہوتی ہے وہاں تک پہنچ جائے تو آسمان کے بیچوں بیچ سیا ہی کا پہنچنا شرط نہیں ہے۔ غروب آفتاب کے بعد افطار میں جلدی کرنے سے اہل کتاب کی مخالفت بھی ہوتی ہے کیونکہ وہ افطار میں اس وقت تک تاخیر کرتے ہیں جب کہ ستارے خوب اچھی طرح نہیں نکل آتے مسلمانوں میں اہل بدعت یعنی روافض کے یہاں بھی اسی پر عمل ہے لہٰذا ان کی مخالفت بھی ہوجاتی ہے۔ صحیح احادیث کے بموجب مغرب کی نماز پڑھنے سے پہلے افطار کرنا سنت ہے۔
Top