مشکوٰۃ المصابیح - تسبیح ، تحمید تہلیل اور تکبیر کے ثواب کا بیان - حدیث نمبر 2335
وعن عبد الله بن عمرو قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : الحمد رأس الشكر ما شكر الله عبد لا يحمده
خدا کی تعریف، اللہ کا شکر ہے
حضرت عبداللہ بن عمرو ؓ راوی ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا حمد (خدا کی تعریف) شکر کا سر ہے جس بندہ نے اللہ کی حمد نہیں کی اس نے اللہ کا کامل شکر ادا نہیں کیا۔

تشریح
حمد یعنی اللہ کی تعریف زبان سے ہوتی ہے اور شکر زبان ودل اور اعضاء سے ہوتا ہے لہٰذا اللہ کی تعریف اللہ کے شکر کی ایک شاخ ہے۔ حمد کو شکر کا سر اس لئے کہا گیا ہے کہ وہ زبان کا فعل ہے اور اللہ تعالیٰ کی نعمت اور اس کی تعریف زبان ہی سے خوب بیان ہوتی ہے اور پھر یہ کہ زبان چونکہ تمام اعضاء کی نائب ہے اس لئے حمد بھی گویا اجمالا شکر ہے اور مفصل شکر کا جزو اعظم ہے اسی واسطے فرمایا گیا ہے کہ جس بندہ نے اللہ کی حمد نہیں کی اس نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا بھی اداء نہیں کیا اس بات میں اس طرف اشارہ بھی ہے کہ آدمی کو چاہئے کہ وہ اپنے باطن کی صفائی وتزکیہ کے ساتھ ساتھ اپنے ظاہری احوال کی محافظت بھی کرے۔
Top