مشکوٰۃ المصابیح - ہدی کا بیان - حدیث نمبر 2689
وعن نبيشة رضي الله عنه قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : إن كنا نهينا عن لحومها أن تأكلوها فوق ثلاث لكي تسعكم . جاء الله بالسعة فكلوا وادخروا وأتجروا . ألا وإن هذه الأيام أيام أكل وشرب وذكر الله . رواه أبو داود
قربانی کا گوشت
حضرت نبیشہ ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ ہم تمہیں قربانی یا ہدی کے گوشت کے بارے میں اس بات سے منع کرتے تھے کہ تم اسے تین دن سے زیادہ کھاؤ اور اس کی وجہ یہ تھی کہ وسعت ہو (یعنی تاکہ اس طرح تمہارے فقراء بھی اس گوشت سے فائدہ اٹھائیں) اب اللہ تعالیٰ نے وسعت بخش دی ہے اس لئے تم (جب تک جی چاہے) کھاؤ اور جمع رکھو نیز (اس گوشت کے صدقہ و خیرات کے ذریعہ) ثواب حاصل کرو اور یاد رکھو! یہ (چار) دن جو منیٰ میں گزارے جاتے ہیں کھانے پینے کے دن ہیں کہ ان ایام میں روزہ رکھنا حرام ہے اور اللہ تعالیٰ کو یاد کرنے کے دن ہیں۔ (ابوداؤد)

تشریح
حدیث کے آخری جملہ کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ارشاد کے مطابق یہ ایام ذکر اللہ میں بہت زیادہ مشغول رہنے کے ہیں۔ آیت (فاذا قضیتم مناسککم فاذکروا اللہ کذکرکم آباء کم او اشد ذکرا)۔ یعنی جب تم اپنے حج کے افعال کی ادائیگی سے فارغ ہو چکو تو اللہ تعالیٰ کو یاد کرو جیسا کہ تم اپنے باپوں کو یاد کرتے ہو یعنی بہت زیادہ یاد کرنا۔
Top