مشکوٰۃ المصابیح - قیامت سے پہلے ظاہر ہونے والی نشانیاں اور دجال کا ذکر - حدیث نمبر 5384
وعن أم شريك قالت قال رسول الله صلى الله عليه وسلم ليفرن الناس من الدجال حتى يلحقوا بالجبال قالت أم شريك قلت يا رسول الله فأين العرب يومئذ ؟ قال هم قليل . رواه مسلم .
دجال کے خوف سے لوگ پہاڑوں پر بھاگ جائیں گے
اور حضرت ام شریک کہتی ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا لوگ دجال ( کے مکر و فریب اور فتنہ و فساد کے خوف) سے بھاگ کر پہاڑوں میں جا چھپیں گے ام شریک کہتی ہیں کہ میں نے ( یہ سن کر) عرض کیا کہ یا رسول اللہ ﷺ ان ایام میں عرب کہاں ہوں گے؟ آپ ﷺ نے فرمایا ( ان دنوں) عرب بہت کم ہوں گے اور دجال سے جہاد و مقابلہ کرنے کی طاقت وقدرت نہیں رکھیں گے۔ ( مسلم)

تشریح
فاین ( کہاں ہوں گے) میں حرف ف شرط محذوف کی جزا ہے، یعنی پورا جملہ گویا یوں ہے کہ جب لوگ دجال کے خوف سے بھاگتے اور چھپتے پھریں گے تو اس وقت اہل عرب کہاں ہوں گے، جن کا کام اللہ کی راہ میں جہاد کرنا اور دین کو نقصان پہنچانے والے ہر فتنہ و فساد کو دفع کرنا ہے۔
Top