مشکوٰۃ المصابیح - قیامت سے پہلے ظاہر ہونے والی نشانیاں اور دجال کا ذکر - حدیث نمبر 5388
وعن أبي بكرة عن النبي صلى الله عليه وسلم قال لا يدخل المدينة رعب المسيح الدجال لها يومئذ سبعة أبواب على كل باب ملكان رواه البخاري .
دجال مدینہ میں داخل نہیں ہوگا
اور حضرت ابوبکرہ نبی کریم ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا۔ اہل مدینہ دجال کے رعب وخوف سے محفوظ رہیں گے، اس دن جب کہ دجال مدینہ میں داخل ہونے کے ارادہ سے آئے گا) مدینہ کے سات دروازے ہونگے اور ہر دروازے پر دو فرشتے مامور ہوں گے ( جو دجال کو مدینہ میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔ ( بخاری)

تشریح
سیوطی نے کہا ہے کہ لوگوں میں جو یہ مشہور ہے کہ آنحضرت ﷺ کے اس دنیا سے رخصت ہوجانے کے بعد حضرت جبرائیل (علیہ السلام) کا روئے زمین پر آنا موقوف ہوگیا ہے تو یہ بالکل بےاصل بات ہے، اس غلط خیال کی تردید کے لئے وہ روایت کافی ہے جس کو طبرانی نے نقل کیا ہے، کہ حضرت جبرائیل (علیہ السلام) ہر اس مؤمن کی موت کے وقت تشریف لاتے ہیں جو طہارت و پاکیزگی کی حالت میں ہوتا ہے ایک اور روایت ابونعیم نے نقل کی ہے کہ آنحضرت ﷺ نے ارشاد فرمایا جب دجال مدینہ کے قریب سے گزرے گا تو اس وقت اچانک اس کی مڈبھیڑ ایک بہت عظیم ہستی سے ہوگی، دجال پوچھے گا کہ تو کون ہے وہ ہستی جواب دے گی کہ میں جبرائیل (علیہ السلام) ہوں مجھ کو اللہ تعالیٰ نے اس لئے بھیجا ہے تاکہ میں تجھے اس کے رسول ﷺ کے حرم سے دور رکھوں۔
Top