جب تک روئے زمین پر ایک بھی اللہ کا نام لیوا موجود ہے قیامت نہیں آسکتی
حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ قیامت اس وقت تک نہیں آئے گی جب تک روئے زمین پر اللہ اللہ کہنا موقوف نہ ہوجائے۔ اور ایک روایت میں یوں ہے کہ فرمایا قیامت اس شخص پر قائم نہیں ہوگی جو اللہ اللہ کہتا ہوگا۔ ( مسلم)
تشریح
مطلب یہ ہے کہ جب قیامت آئے گی تو اس وقت روئے زمین میں ایسا کوئی شخص باقی نہیں ہوگا جو اللہ کا نام لیوا اور اس کی پرستش کرنے والا ہو بلکہ سب کے سب کافر و بت پرست ہوں گے اس سے معلوم ہوا کہ اس کائنات کو وجود وبقا درحقیقت با عمل علماء وذاکرین و صالحین اور نیکو کاروں کے وجود کی برکت سے ہے، جب ان کو اس دنیا سے اٹھا لیا جائے گا تو دنیا بھی باقی نہیں رہے گی۔