تعارف
تعارف سورة التحریم
جیسا کہ پچھلی سورت کے تعارف میں عرض کیا گیا، اس سورت کا بنیادی موضوع بھی یہ ہے کہ میاں بیوی کو آپس میں اور اپنی اولاد کے ساتھ کس طرح معتدل اور متوازن رویہ اختیار کرنا چاہیے، ایک طرف ان سے معقول حدود میں محبت بھی دین کا تقاضا ہے، اور دوسری طرف ان کی یہ نگرانی بھی ضروری ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے احکام سے انحراف نہ کریں، اسی سلسلہ میں ایک واقعہ خود آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھ پیش آیا تھا کہ اپنی کچھ ازواج مطہرات کی خوشنودی کی خاطر آپ نے یہ قسم کھالی تھی کہ آئندہ شہد نہیں پیونگا، جس کی تفصیل آیت نمبر : ١ کی تشریح میں آرہی ہے، اس پر اللہ تعالیٰ نے آپ سے یہ فرمایا کہ جو چیز اللہ تعالیٰ نے آپ کے لئے حلال کی ہے، اسے آپ اپنے اوپر حرام کیوں کرتے ہیں ؟ اس لئے سورت کا نام تحریم ہے، جس کے معنی ہیں حرام کرنا۔