فصلت

بصیرتِ قرآن

مولانا محمد آصف قاسمی

تعارف

بسم اللہ الرحمن الرحیم۔

٭نہایت رحم و کرم کرنے والے اللہ نے قرآن کریم کو عربی میں اس لئے نازل کیا ہے تا کہ جو لوگ قرآن کے مخاطب اول ( مکہ والے ، عرب والے) ہیں وہ اس کو اچھی طرح سمجھ کر ساری دنیا کے لوگوں کو سمجھائیں اور انہیں کوئی دشواری نہ ہو۔

٭ یہ قرآن ایمان اور عمل صالح اختیار کرنے والوں کے لئے خوش خبری اور اس کو نہ ماننے والوں کو ان کے برے انجام سے آگاہ اور خبر دار کرنے کا ذریعہ ہے۔

٭کفار و مشرکین کہتے تھے کہ اے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! آپ جو باتیں ہم سے کرتے ہیں وہ ہماری سمجھ میں نہیں آتیں نجانے کیا پردہ یا رکاوٹ ہے ، لہٰذا آپ اپنی جدوجہد کیجئے اور ہمیں اپنے کام دھندے میں لگا رہنے دیجئے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ان سے کہہ دیجئے کہ میں تم جیسا ہی ایک بشر ہوں میری طرف جو بھی وحی کی جاتی ہے وہ میں تمہیں بتا دیتا ہوں پھر بھی تم میری بات کو نہیں سمجھتے۔ کیا تم اتنی بات بھی نہیں سمجھتے کہ ہمارا اور تمہارا معبود صرف ایک اللہ ہی ہے وہی ہر طرح کی عبادت و بندگی کے لائق ہے ۔ تمہیں اسی سیدھے راستے کی طرف چل کر اپنے گناہوں سے معافی مانگنا چاہیے۔

٭فرمایا کہ یہ مشرکین کس قدر بد نصیب لوگ ہیں نہ تو انسانیت کے بھلے کے لئے کوئی کام کرتے ہیں نہ انہیں آخرت کی زندگی پر یقین ہے ، حالانکہ اللہ نے یہ فیصلہ کردیا ہے کہ جو لوگ ایمان اور صالح کی زندگی گزاریں گے ان کو ہمیشہ بہترین اجر وثواب دیا جائے گا جس کا سلسلہ کبھی منقطع نہ ہوگا۔

(فرمایا کہ قوم عاد اور قوم ثمود کی تاریخ گواہ ہے کہ یہ دونوں وہ زبردست اور طاقت ور قومیں تھیں کہ انہیں اپنی قوت و طاقت پر غرور کی حد تک ناز تھا ، وہ کہتے تھے کہ ہم سے بڑھ کر طاقت و قوت میں کوئی ہے تو وہ سامنے آئے۔ ان کی اصلاح کے لئے انبیاء کرام (علیہ السلام) تشریف لائے انہیں ہر طرح سمجھایا ۔ جب انہوں نے مسلسل نافرمانیاں کیں تو ان کو اسی طرح بنیادوں سے کھود کر رکھ دیا کہ آج ان کے کھنڈرات ان کفار اور انکار کرنے والوں کی بےبسی کا مذاق اڑا رہے ہیں جن کی تباہی ایک عبرت کا مثال بن کر رہ گئی ہے۔ )

٭فرمایا کہ اگر یہ کفار صرف زمین و آسمان کی پیدائش پر ہی ذرا غور کرلیتے تو وہ اللہ کی توحید اور عظمت کا انکار کر ہی نہیں سکتے تھے کیونکہ اللہ نے اپنی قدرت کا ملہ سے چھ دنوں میں اس ساری کائنات کو پیدا کیا ہے۔ اس نے زمین کو دو دنوں میں پیدا کر کے اس پر پہاڑوں کو بوجھ بنا کر رکھ دیا تا کہ زمین ساری مخلوق کو لے کر ایک طرف نہ ڈھلک جائے ۔ زمین و آسمان کے درمیان کی تمام چیزوں کو دونوں میں پیدا کیا ۔ آسمان جو ایک دھویں کی طرح تھا اس کو دونوں میں پیدا کیا ۔ اس طرح کائنات کو بنانے کا یہ عمل صرف چھ دنوں میں مکمل کردیا ۔ پھر آسمان کو چاند ، سورج اور ستاروں سے خوبصورتی عطاء کی ۔ زمین و آسمان سے کہا گیا کہ وہ خوشی سے یا مجبوری سے آجائیں تو انہوں نے خوشی سے عرض کیا کہ ہم حاضر ہیں ۔ اسی نے سات آسمان بنائے ہیں ۔ اب تم خود ہی فیصلہ کرلو ان تمام چیزوں کو جس ذات نے اپنی قدرت کاملہ سے بنایا ہے کیا اس کی کائنات میں دوسرا کوئی مستحق ہے کہ اس کی عبادت و بندگی کی جائے۔

( جب یہ نافرمان لوگ جہنم کی بھڑکتی آگ میں ڈالے جائیں گے تو پھر انہیں احساس ہوگا کہ واقعی ہمیں تو ہر طرح گمراہ کیا گیا ہے۔ وہ اللہ سے درخواست کریں گے الٰہی ! اگر آج ہم ان لوگوں کو اور شیطان کو دیکھ لیں جنہوں نے ہمیں گمراہ کیا ہے تو ہم ان کو اپنے پاؤں سے روند ڈالیں گے ، لیکن ان کا پچھتانا ، ان کے کسی کام نہ آسکے گا اور وہ ہمیشہ کی جہنم میں جھونک دیئے جائیں گے)

٭قوم ثمود اور قوم عاد کا ذکر کر کے بتایا کہ یہ کتنی زبردست قومیں تھیں جن کو اپنی قوت و طاقت پر بڑا ناز اور گھمنڈ بھی تھا اور کہتے تھے کہ ہم سے زیادہ قوت و طاقت میں اور کون ہے ؟ لیکن جب انہوں نے اللہ کی نافرمانی کی تو اس نے ان قوموں کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا اور ان کا بڑا بھیانک انجام ہوا۔

٭قیامت کے دن جب اللہ ان دشمنان اسلام کو جمع کرے گا اور ان کے کیے ہوئے اعمال سے متعلق پوچھا جائے گا تو وہ اپنے اعمال کا انکار کریں گے تب ان کے اعضاء ہاتھ ، پاؤں ، کان ، آنکھ اور ان کی کھال تک ان کے خلاف گواہی دیں گے۔ وہ حیران ہو کر ان اعضاء سے پوچھیں گے کہ تم بھی ہمارے خلاف گواہی دے رہے ہو ؟ تمہیں یہ بولنے کی طاقت کس نے دی ؟ وہ کہیں گے کہ جس اللہ نے ہر ایک کو بولنے کی طاقت دی ہے اسی نے ہمیں بھی قوت گویائی عطاء فرمائی ہے ۔ تم نے ہم سے زندگی بھر جو چاہا ہم نے تمہارا کہا مانا لیکن ہم نے اللہ کی اطاعت کرتے ہوئے ساری باتیں کھول کر بیان کردی ہیں ۔ اس کے بعد ان دشمنان اسلام کو جہنم کی آگ میں جھونک دیا جائے گا ۔

٭وہ جہنمی اللہ سے درخواست کریں گے کہ آج اگر ہم ان انسانوں اور شیطانوں کو دیکھ لیں تو انکے اپنے پاؤں روند ڈالیں گے جنہوں نے زندگی بھر ہمیں گمراہی میں ڈالے رکھا ۔ اس طرح شاید ہمارے دلوں میں ٹھنڈک پڑجائے لیکن ان کا یہ پچھتانا اور شرمندہ ہونا ان کے کسی کام نہ آئے گا اور ان کو جہنم کی آگ میں پھینک دیا جائے گا جس میں وہ ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔

٭فرمایا کہ ایمان و عمل صالح اختیار کرنے والوں کو فرشتے یہ یقین دلائیں گے کہ ہم وقت تمہارے ساتھ ہیں ۔ ہم اللہ کے حکم سے دنیا میں بھی تمہاری مدد کرتے رہے ہیں اور ہم آخرت میں بھی تمہارے ساتھ ہوں گے اور تمہیں جنت کی راحتوں سے ہم کنار کریں گے۔ ان جنتوں میں اللہ کی طرف سے تمہاری مہمان نوازی کی جائے گی اور تمہارا دل جس چیز کو چاہے گا وہ چیز تمہیں عطاء کی جائے گی۔

٭فرمایا کہ جو لوگ زندگی بھر نیکیوں پر قائم رہتے ہوئے دوسروں کو راہ ہدایت دکھاتے ہیں وہ ” داعی الی اللہ “ ہیں یعنی اللہ کی طرف بلانے والے وہ ہر معاملے میں نرمی اختیار کریں ۔ برائی کا جواب بھلائی سے دیں اور اس راستے میں جو حق و صداقت کا راستہ ہے اس پر ڈٹے رہیں ، صبر اور برداشت سے کام لیں۔

٭نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا گیا کہ یہ منکرین جو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا مذاق اڑا رہے ہیں آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی ہر بات کا انکار کر رہے ہیں آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اس سے پریشان نہ ہوں کیونکہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے پہلے جتنے بھی پیغمبر آئے ہیں ان کے ساتھ بھی لوگوں نے یہی معاملہ کیا مگر انہوں نے اس پر صبر کیا ۔ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بھی صبر سے کام لیجئے۔ ہر کامیابی آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے قدم چومے گی۔

٭فرمایا کہ ہم نے اس قرآن کریم کو عربی زبان میں اس لئے نازل کیا ہے تا کہ وہ لوگ اس کو سمجھ سکیں ۔ اگر یہ قرآن عربی زبان کے علاوہ کسی اور زبان میں نازل کیا جاتا تو یہ پھر بھی مذاق اڑاتے ہوئے کہتے کہ یہ کیسی عجیب بات ہے کہ رسول تو عربی ہے اور اس کی کتاب عجمی زبان میں ہے۔ فرمایا کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ان کو باتیں کرنے دیجئے کیونکہ یہ ان اندھوں کی طرح ہیں جو ہر جگہ ٹھوکریں کھاتے پھرتے ہیں۔

٭نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے فرمایا گیا کہ آج اگر یہ لوگ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے اختلاف کررہے ہیں تو یہ کوئی ایسی تعجب کی بات نہیں ہے اس سے پہلے جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) توریت جیسی کتاب لے کر آئے تو انہوں نے ان سے بھی اختلاف کیا تھا اور ان کی بات ماننے سے انکار کردیا تھا۔

٭فرمایا کہ اللہ اپنے بندوں پر مہربان ہے۔ وہ کسی پر ظلم اور زیادتی نہیں کرتا بلکہ خود ہی یہ لوگ اپنے نفسوں اور اپنی جانوں پر ظلم کرنے کے عادی ہیں ، وہ پوچھتے ہیں کہ قیامت کب آئے گی ؟ فرمایا کہ قیامت تو ضرور آئے گی لیکن وہ دن ان جیسے ظالموں کے لیے کوئی اچھا دن نہ ہوگا اس سے بچنے کی فکر آج ہی کرنا چاہیے۔

٭فرمایا کہ ان لوگوں کا یہ حال ہے کہ ویسے تو یہ بہت بہادر بنے پھرتے ہیں لیکن ان پر ذرا بھی مصیبت آجائے تو مایوسیوں کی انتہاؤں پر پہنچ جاتے ہیں اور اگر کچھ مل جائے تو اس پر اترانے اور غرور کرنے لگ جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمیں جو کچھ حاصل ہوا ہے وہ ہماری محنت سے حاصل ہوا ہے اور ہم پر کسی کا احسان نہیں ہے۔

٭اللہ نے آخر میں فرمایا کہ اگر انہوں نے نبی مکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے دامن اطاعت و محبت سے وابستگی اختیار نہ کی تو وہ وقت دور نہیں ہے جب اللہ تعالیٰ ان کے ارد گرد اور خود ان کی اپنی جانوں میں نشانیاں دکھائے گا ۔

علماء مفسرین نے فرمایا ہے کہ یہ ایک پیشن گوئی تھی جو غزوہ بندہ کے دن پوری ہوئی جب کفار کے بڑے بڑے لوگ اس جنگ میں مارے گئے ۔ ساری دنیا میں کفار ذلیل و رسوا ہوگئے اور ایک بد ترین انجام سے دو چار ہوئے۔