الجمعة
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف سورة الجمعہ
سورة نمبر 62
کل رکوع 2
آیات 11
الفاظ و کلمات 176
حروف 787
مقام نزول مدینہ منورہ
ایک مرتبہ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) جمعہ کا خطبہ ارشاد فرما رہے تھے اسی دوران لوگوں کو معلوم ہوا کہ ایک تجارتی قافلہ مدینہ منورہ پہنچ گیا ہے ۔ اگر انہوں نے دیر کی تو باقی لوگ اس قافلے کا مال تجارت لے جائیں گے وہ سب سے سب اس تجارتی قافلے کی طرف دوڑ کر پہنچ گئے سوائے بارہ صحابہ (رض) کے باقی سب نے خطبہ چھوڑ دیا اور اس مشغولیت میں لگ گئے ۔ چونکہ ابتداء میں لوگوں کو جمعہ کی اس عظمت کا اندازہ نہیں ہوگا اس لئے ایسا ہوا۔ جب قرآن کریم میں جمعہ کی عظمت کا حکم دیا گیا تو پھر کبھی کوئی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا۔
اس سورة میں دو رکوع ہے پہلے رکوع کے بعد دوسرا رکوع کافی عرصہ بعد نازل ہوا۔ خلاصہ یہ ہے۔
٭دین اسلام کی تبلیغ اور دعوت کو روکنے کی یہودی سازشیں اس وقت بہت کمزور پڑگئیں جب ہر طرف سے یہودیوں اور کفار قریش کو شکست اور اہل ایمان کو فتح و نصرت حاصل ہوتی چلی گئی۔ بنو نضیر اور بنو قریضہ کی جلاوطنی اور بنو قینقاع کی ذلت و رسوائی، قریش مکہ اور تمام قبائل عرب کی غزوہ خندق میں شکست فاش، معمولی سی جدوجہد کے بعد وادی القری، فدک، تیما اور خیبر کی فتح، فوج در فوج قبیلوں، خاندانوں اور لوگوں کا اسلام قبول کرنا وغیرہ یہ سب وہ باتیں تھیں جنہوں نے ان یہودیوں کو جو اپنے آپ کو اہل علم اور اہل عرب کو امی یعنی جاہل، ان پڑھی اور غرور وتکبر کا جواب دیتے ہوئے فرمایا کہ عرب کے وہ لوگ جو امی سمجھے جاتے تھے اللہ نے ان ہی میں سے ایک ایسے عظیم رسول کو اٹھایا ہے جو ان کو اللہ کی آیات سنا کر سمجھا رہے ہیں۔ دلوں کو مانجھ کر اور تزکیہ کرکے علم و حکمت کی باتیں سکھا رہے ہیں اور وہ لوگ جو صدیوں سے گمراہی اور جہالت کے اندھیروں میں بھٹک رہے تھے ان کو راہ ہدایت دکھا رہے ہیں۔ فرمایا کہ یہ سب کچھ اللہ کا فضل و کرم ہے وہ جس پر چاہتا ہے رحمتیں نازل فرما دیتا ہے۔ فرمایا کہ وہ لوگ جن کا یہ گمان ہے کہ ساری دنیا میں وہی پڑھے لکھے ہیں ان کا یہ حال ہے کہ ان کی ہدایت کے لئے اللہ نے توریت جیسی روشن کتاب عطا کی تھی تاکہ وہ اس کو سمجھ کر عمل کرتے مگر انہوں نے اپنی کتاب پر عمل کرنے کے بجائے اسے اپنے اوپر لاد رکھا ہے جس طرح گدھے پر بہت سے کتابیں لاد دی جائیں تو اسے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ اس پر جو کتابیں لاد دی گئی ہیں وہ کس قسم کا بوجھ ہے، ان کتابوں میں کیا لکھا گیا ہے۔ فرمایا کہ گدھے سے بدتر تمہاری حالت کی وجہ یہ ہے کہ اس کتاب پر عمل کرنے کے بجائے تم نے یہ سمجھ لیا ہے کہ تم اللہ کی محبوب اور ایسے چہیتے ہو کہ اس نے جنت تمہارے نام الاٹ کردی ہے بس ادھر تم مرو گے اور ادھر جنت خود تمہارے استقبال کے لئے حاضر ہوجائے گی۔ (نعوذ باللہ) اللہ تعالیٰ نے طنز کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر تم سمجھتے ہو کہ تم معمولی سی تکلیف کے بعد سیدھے جنت میں جائوگے تو پھر تم دنیا کی تکلیفیں کیوں اٹھا رہے ہو ؟ مرو اور سیدھے جنت میں پہنچ جائو۔ تم جنت کی راحتوں کو چھوڑ کر دنیا میں جینے کی تمنا کیوں کرتے ہو ؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! یہ کبھی موت کی تمنا نہ کریں گے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ انہوں نے اپنے آگے کیا کیا عمل اور کرتوت بھیجے ہیں۔ اگر انہیں جنت کا ایسا ہی یقین ہوتا تو دنیا میں ایک ایک ہزار سال تک جینے کی تمنا نہ کرتے۔ فرمایا کہ ان کو ” یوم السبت “ ہفتہ کا دن دیا گیا تھا مگر انہوں نے اس کو بھی اپنی رسموں اور تمناؤں کو بھینٹ چڑھا دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان کو ” یوم الجمعہ “ جمعہ کا دن عطا فرمایا ہے۔ یہ دن اہل ایمان کو یہ سمجھا رہا ہے کہ وہ اس یوم الجمعہ کو اسی طرح بےحقیقت نہ بنا دیں جس طرح یہودیوں نے یوم السبت کا حشر کیا ہے۔
فرمایا کہ اے مومنو ! تمہیں جمعہ کے دن جیسے ہی آواز دی جائے (اذان دی جائے) تم اپنا تمام کاروبار اور مشغولیات کو چھوڑ کر تیزی سے اللہ کے ذکر کی طرف دوڑ کر ذوق و شوق سے مسجدوں کی طرف آئو۔ اللہ نے اسی تمہارے لئے خیر و فلاح رکھ دی ہے۔ نماز سے فارغ ہو کر زمین میں پھیل جائو اور اللہ کا ذکر کرتے ہوئے اسے یاد کرتے ہوئے اپنا رزق تلاش کرو شاید تمہیں فلاح و کامیابی عطا کردی جائے۔ البتہ اس بات کا پوری طرح لحاظ رکھا جائے کہ کھیل تماشے اور دنیا کا لالچ تمہیں اس طرح اپنی طرف نہ کھینچ لیں کہ نبی اللہ کی طرف بلا رہے ہیں اور تم ان کو چھوڑ کر کھیل تماشے اور مال تجارت لینے کے لئے دوڑ جائو۔ فرمایا کہ یاد رکھو ! ان کھیل تماشوں اور تجارت سے بڑھ کر وہ رزق ہے جو اللہ نے تمہارے نیک اعمال کے بدلے عطا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بہترین رزق تو اللہ کے پاس ہے وہی سب کو بہترین رزق عطا فرمانے والا ہے۔