المرسلات

بصیرتِ قرآن

مولانا محمد آصف قاسمی

تعارف

تعارف سورة المرسلات

سورة نمبر 77

کل رکوع 2

آیات 50

الفاظ و کلمات 181

حروف 846

مقام نزول مکہ مکرمہ

تعارف : سورة المرسلات میں اللہ تعالیٰ نے ہوائوں کی قسم کھا کر فرمایا ہے کہ اللہ نے قیامت کے لئے جو دن اور وقت مقرر کر رکھا ہے اس کے آنے میں شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے کیونکہ جس اللہ نے زمین و آسمان کو پیدا کرکے ایک زبردست اور حیرت انگیز نظم و انتظام بنایا ہے وہ جب چاہے گا اس نظام کو توڑ کر رکھ دے گا کیونکہ اس کائنات میں ساری طاقت و قوت اور قدرت اللہ ہی کی ہے۔

فرمایا ان ہواؤں کی قسم جو نرم اور خوشگوار انداز سے مسلسل چلتی ہیں اور کبھی طوفانی رفتار سے چلتی ہیں، بادلوں کو اٹھا کر پھیلاتی اور ان کو پھاڑ کر الگ الگ کردیتی ہیں۔ پھر دلوں میں اللہ کی یاد کو عذر و یا ڈرواے کے طور پر پیدا کرتی ہیں۔ جس چیز کا (قیامت کا) تم سے وعدہ کیا گیا ہے وہ ضرور واقع ہو کر رہے گی۔

جب ستارے ماند پڑجائیں گے، آسمان پھاڑ دیا جائے گا اور یہ مضبوط پہاڑ ریزہ ریزہ ہوکر اڑتے پھریں گے اور رسولوں کی حاضری کا وقت آپہنچے گا وہی فیصلے کا دن ہوگا جو اس دن کو جھٹلانے والوں کے لئے تباہی اور بربادی کا دن ہوگا۔ اللہ نے اپنی قدرت کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ کیا ہم نے تم سے پہلے زبردست قوموں کو ان کے برے اعمال کی وجہ سے تباہ و برباد نہیں کیا ؟ اور کیا وہ تمہیں بھی ان کے پیچھے چلتا نہیں کرسکتا ؟ کیونکہ مجرموں کے ساتھ ہم ایسا ہی برتائو کرتے ہیں۔ فرمایا کہ کیا ہم نے تمہیں ایک حقیر پانی سے پیدا نہیں کیا ؟ جسے ایک مقرر مدت تک ایک محفوظ جگہ (رحم مادر) میں ٹھہرائے نہیں رکھا ؟ اگر تم اس پر غور کروگے تو کہہ اتھو گے کہ اللہ ہی بہترین قوت رکھنے والا ہے۔ فرمایا کہ کیا ہم نے زمین کو زندہ اور مردہ دونوں کو سمیٹ کر رکھنے والا نہیں بنایا ؟ کیا ہم نے اس میں بلندو بال پہاڑ نہیں جما دئیے ؟ اور کیا تمہیں میٹھا پانی نہیں پلایا ؟ فرما یا جائے گا کہ اب تم اس طرف چلو جس کو تم جھٹلایا کرتے تھے۔ تم اس سائے کی طرف چلو جو تین شاخوں والا ہے جس میں نہ تو ٹھنڈک پہنچانے کی صلاحیت ہے اور نہ وہ ا اگے کے شعلوں سے بچانے والا ہے۔ اور یہ وہ آگ ہوگی جو محلوں جیسی بڑی بڑی چنگاریاں پھینکنے والا ہوگا۔ ایسا محسوس ہوگا جیسے زرد اونٹوں کا قافلہ چلا آرہا ہے۔ یہ دن ایسا ہیبت ناک ہوگا جس میں کسی کو منہ بات نکالنا مشکل ہوگا اگر وہ معذرت کرنا چاہیں گے تو ان کو معذرت اور اظہار شرمندگی کا موقع نہ دیا جائے گا۔ فرمایا کہ یہ ہے وہ فیصلے کا دن جس میں ہم نے تمہیں اور تم سے پہلی گزری ہوئی قوموں کو جمع کردیا ہے۔ اب سب مل کر اگر کوئی چال چل سکتے ہو تو میرے مقابلے میں اس کو چل کر دکھائو۔

فرمایا کہ اگر ایک طرف قیامت اور اس کی تبارہ کاریاں اور کافروں کا برا انجام ہوگا تو دوسری طرف وہ لوگ جو اہل تقویٰ ہیں اس دن سایوں اور چشموں میں ہوں گے وہ جو بھی پھل مانگیں گے انکو اسی وقت دیا جائے گا۔ ان سے کہا جائے گا کہ وہ خوب کھائیں اور پئیں یہ ان کے اعمال کا بدلہ ہے جو وہ دنیا میں کیا کرتے تھے۔ اور ہم نیک اور اہل تقویٰ کو ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں۔ اللہ نے مجرم اور گناہ گاروں سے فرمایا ہے کہ تم کچھ دن خوب مزے اڑا لو لیکن حقیقت یہ ہے کہ تم اللہ کی نظر میں مجرم ہو۔ جب تم سے کہا جاتا تھا کہ تم اللہ کے آگے جھکو تو اسکے سامنے جھکنے سے انکار کردیا کرتے تھے اب تم اس کی سزا بھگتو۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ بتائو اس (قرآن کریم) کے بعد وہ کون سا کلام ہے جس پر تم ایمان لائو گے ؟

اللہ تعالیٰ نے اس سورت میں متعدد مرتبہ فرمایا ہے کہ ”……“ تباہی ہے ان جھٹلانے والوں کے لئے۔ یعنی جب قیامت آئے گی تو یہ کفار بدحواس ہوجائیں گے اور ہر طرف سے ان کی تباہی کے سامان ہوں گے۔