IntroSurah Introduction

آسان قرآن

Aasan Quran · 4. An-Nisaa · Ayah 127

  1. وَ یَسْتَفْتُوْنَكَ فِی النِّسَآءِ١ؕ قُلِ اللّٰهُ یُفْتِیْكُمْ فِیْهِنَّ١ۙ وَ مَا یُتْلٰى عَلَیْكُمْ فِی الْكِتٰبِ فِیْ یَتٰمَى النِّسَآءِ الّٰتِیْ لَا تُؤْتُوْنَهُنَّ مَا كُتِبَ لَهُنَّ وَ تَرْغَبُوْنَ اَنْ تَنْكِحُوْهُنَّ وَ الْمُسْتَضْعَفِیْنَ مِنَ الْوِلْدَانِ١ۙ وَ اَنْ تَقُوْمُوْا لِلْیَتٰمٰى بِالْقِسْطِ١ؕ وَ مَا تَفْعَلُوْا مِنْ خَیْرٍ فَاِنَّ اللّٰهَ كَانَ بِهٖ عَلِیْمًا﴿127﴾

    1. وَيَسْتَفْتُوْنَكَاور وہ آپ سے حکم دریافت کرتے ہیں
    2. فِي النِّسَآءِعورتوں کے بارہ میں
    3. قُلِآپ کہ دیں
    4. اللّٰهُاللہ
    5. يُفْتِيْكُمْتمہیں حکم دیتا ہے
    6. فِيْهِنَّان کے بارہ میں
    7. وَمَااور جو
    8. يُتْلٰيسنایا جاتا ہے
    9. عَلَيْكُمْتمہیں
    10. فِي الْكِتٰبِکتاب (قرآن) میں
    11. فِيْ(بارہ) میں
    12. يَتٰمَيیتیم
    13. النِّسَآءِعورتیں
    14. الّٰتِيْوہ جنہیں
    15. لَا تُؤْتُوْنَھُنَّتم انہیں نہیں دیتے
    16. مَا كُتِبَجو لکھا گیا (مقرر)
    17. لَھُنَّان کے لیے
    18. وَتَرْغَبُوْنَ اَنْاور نہیں چاہتے ہو کہ
    19. تَنْكِحُوْھُنَّان کو نکاح میں لے لو
    20. وَالْمُسْتَضْعَفِيْنَاور بےبس
    21. مِنَسے (بارہ) میں
    22. الْوِلْدَانِبچے
    23. وَاَنْاور یہ کہ
    24. تَقُوْمُوْاقائم رہو
    25. لِلْيَتٰمٰيیتیموں کے بارہ میں
    26. بِالْقِسْطِانصاف پر
    27. وَمَا تَفْعَلُوْااور جو تم کرو گے
    28. مِنْ خَيْرٍکوئی بھلائی
    29. فَاِنَّتو بیشک
    30. اللّٰهَاللہ
    31. كَانَہے
    32. بِهٖ عَلِيْمًااس کو جاننے والا
Translation · Aasan Quran
اور (اے پیغمبر) لوگ تم سے عورتوں کے بارے میں شریعت کا حکم پوچھتے ہیں۔ (74) کہہ دو کہ اللہ تم کو ان کے بارے میں حکم بتاتا ہے، اور اس کتاب (یعنی قرآن) کی جو آیتیں جو تم کو پڑھ کر سنائی جاتی ہیں وہ بھی ان یتیم عورتوں کے بارے میں (شرعی حکم بتاتی ہیں) جن کو تم ان کا مقرر شدہ حق نہیں دیتے، اور ان سے نکاح کرنا بھی چاہتے ہو (75) نیز کمزور بچوں کے بارے میں بھی (حکم بتاتی ہیں) اور یہ تاکید کرتی ہیں کہ تم یتیموں کی خاطر انصاف قائم کرو۔ اور تم جو بھلائی کا کام کرو گے، اللہ کو اس کا پورا پورا علم ہے۔
Tafseer · Aasan Quran

74: تشریح : اسلام سے پہلے عورتوں کو معاشرے میں ایک کمتر مخلوق سمجھا جاتا تھا اور ان کے معاشرتی اور معاشی حقوق نہ ہونے کے برابر تھے، جب اسلام نے عورتوں کے حقوق ادا کرنے کی تاکید کی اور عورتوں کو بھی میراث میں حصہ دار قرار دیا تو یہ بات عربوں کے معاشرے میں اتنی اچن بھی تھی کہ بعض لوگ یہ سمجھتے رہے کہ عورتوں کو جو حقوق دئے گئے ہیں وہ شاید عارضی نوعیت کے ہیں اور کسی وقت منسوخ ہوجائیں گے، جب ان کی منسوخی کا حکم نہیں آیا تو ایسے حضرات نے آنحضرت ﷺ سے پوچھا، اس پر یہ آیت نازل ہوئی جس میں یہ واضح کردیا گیا کہ یہ احکام عارضی نہیں ہمیشہ کے لئے ہیں، اللہ تعالیٰ نے ان کا حکم دیا ہے اور قرآن کریم کی جو آیات پہلے نازل ہوئی ہیں ان میں بہت سے احکام آچکے ہیں، اس کے ساتھ مرد و عورت کے باہمی تعلقات کے بارے میں کچھ مزید احکام بھی بیان فرمائے گئے ہیں۔

75: یہ اس ہدایت کی طرف اشارہ ہے جو سورة نساء کی آیت نمبر : 3 میں گزری ہے، صحیح بخاری کی ایک حدیث میں حضرت عائشہ ؓ نے اس ہدایت کا پس منظر یہ بتایا ہے کہ بعض اوقات ایک یتیم لڑکی اپنے چچا کے بیٹے کی سرپرستی میں ہوتی تھی، وہ خوبصورت بھی ہوتی اور اس کے باپ کا چھوڑا ہوا مال بھی اچھا خاصا ہوتا تھا، اس صورت میں اس کا چچازاد یہ چاہتا تھا کہ اس کے بالغ ہونے پر وہ خود اس سے نکاح کرلے ؛ تاکہ اس کا مال اسی کے تصرف میں رہے ؛ لیکن نکاح میں وہ اس کو اتنا مہر نہیں دیتا تھا، جتنا اس جیسی لڑکی کو دینا چاہیے، دوسری طرف اگر لڑکی زیادہ خوبصورت نہ ہوتی تو اس کے مال کے لالچ میں اس سے نکاح تو کرلیتا تھا ؛ لیکن نہ صرف یہ کہ اس کا مہر کم رکھتا تھا ؛ بلکہ اس کے ساتھ ایک محبوب بیوی جیسا سلوک بھی نہیں کرتا تھا۔