Al-Quran-al-Kareem - Maryam : 52
وَ نَادَیْنٰهُ مِنْ جَانِبِ الطُّوْرِ الْاَیْمَنِ وَ قَرَّبْنٰهُ نَجِیًّا
وَنَادَيْنٰهُ : اور ہم نے اسے پکارا مِنْ : سے جَانِبِ : جانب الطُّوْرِ : کوہ طور الْاَيْمَنِ : داہنی وَقَرَّبْنٰهُ : اور اسے نزدیک بلایا نَجِيًّا : راز بتانے کو
اور ہم نے اسے پہاڑ کی دائیں جانب سے آواز دی اور سرگوشی کرتے ہوئے اسے قریب کرلیا۔
وَنَادَيْنٰهُ مِنْ جَانِبِ الطُّوْرِ۔۔ : طور کا معنی پہاڑ ہے، بعض خاص پہاڑوں کا نام بھی طور ہے، جیسے ایلہ کے قریب صحرائے سینا کے ایک پہاڑ کو طور سینا یا طور سینین کہتے ہیں۔ صاحب قاموس نے چند اور مقامات پر واقع پہاڑوں کا بھی ذکر کیا ہے جنھیں طور کہا جاتا ہے۔ یہ واقعہ موسیٰ ؑ کے مدین سے واپس مصر جاتے ہوئے پیش آیا۔ اس کی تفصیل سورة طٰہٰ (9 تا 36) ، نمل (7 تا 14) اور قصص (29 تا 35) میں موجود ہے۔ ابن کثیر نے سورة قصص کی آیت (30) (نُوْدِيَ مِنْ شَا 8 الْوَادِ الْاَيْمَنِ) کی تفسیر میں فرمایا : ”یعنی وادی کی اس جانب سے جو موسیٰ ؑ کے دائیں طرف پہاڑ کے مغربی کنارے سے ملتی تھی، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : (وَمَا كُنْتَ بِجَانِبِ الْغَرْبِيِّ اِذْ قَضَيْنَآ اِلٰى مُوْسَى الْاَمْرَ) [ القصص : 44 ] ”اور اس وقت تو مغربی جانب نہیں تھا جب ہم نے موسیٰ کی طرف حکم کی وحی کی۔“ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ موسیٰ ؑ نے آگ کی طرف رخ قبلہ کی جانب کیا تھا اور انھوں نے پہاڑ کے مغربی حصے کو اپنی دائیں طرف کیا ہوا تھا۔“ آلوسی نے فرمایا : ”مِنْ جَانِبِ الطُّوْرِ الْاَيْمَنِ“ سے مراد پہاڑ کی وہ جانب ہے جو موسیٰ ؑ کی دائیں جانب تھی، کیوں کہ خود پہاڑ کا کوئی دایاں ہوتا ہے نہ بایاں۔ ”الْاَيْمَنِ“ ”یُمْنٌ“ سے بھی ہوسکتا ہے جس کا معنی برکت ہے، یعنی اس کی مبارک جانب سے، اس معنی کے لحاظ سے پہاڑ کی مبارک جانب بھی مراد ہوسکتی ہے، مگر پہلا معنی بہتر ہے۔ ”نَادَيْنٰهُ“ (ہم نے اسے آواز دی) آواز دینے سے مراد اس جانب سے اللہ کا کلام ظاہر ہونا ہے۔ ظاہر ہے کہ موسیٰ ؑ نے اللہ تعالیٰ کا کلام الفاظ کی صورت میں سنا۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ موسیٰ ؑ نے جو سنا تھا اس میں نہ حرف تھے، نہ آواز تھی۔ انھوں نے صرف کانوں سے نہیں بلکہ تمام اعضاء کے ساتھ سنا تھا، جس سے انھیں یقین ہوگیا کہ یہ اللہ کا کلام ہے، اسی لیے کہا گیا ہے کہ مراد یہ ہے کہ ہم نے اسے طور کی مبارک جانب سے آتے ہوئے آواز دی، مگر یہ بات عقل کی دسترس سے باہر ہے اور احادیث کے دلائل اس کے صاف خلاف ہیں۔ اس آیت سے اللہ تعالیٰ کا آواز دینا اور کلام کرنا ثابت ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی صفات کے منکر اس کے کلام کے بھی منکر ہیں، اس لیے وہ نہ اس میں حروف مانتے ہیں، نہ آواز اور نہ اس کا کانوں سے سنا جانا۔ مگر الفاظ اور آواز سے خالی چیز کو کلام کہنا جس طرح عقل سے بعید ہے اسی طرح قرآن و حدیث کے بھی صریح خلاف ہے۔ مزید تفصیل کے لیے دیکھیے سورة اعراف (143) ، کہف (109) اور توبہ (6)۔ وَقَرَّبْنٰهُ نَجِيًّا : ”نَجِيًّا“ ”فَعِیْلٌ“ بمعنی ”مُفَاعِلٌ“ ہے، جیسے ”جَلِیْسٌ“ بمعنی ”مُجَالِسٌ“ اور ”نَدِیْمٌ“ بمعنی ”مُنَادِمٌ“ ہے۔ ”مَنَاجَاۃٌ“ ایک دوسرے سے چھپی آواز میں بات کرنا، سرگوشی کرنا، یعنی ہم نے اسے سرگوشی کرتے ہوئے قریب کرلیا۔ شاہ عبد القادر ؓ لکھتے ہیں : ”ان سے کلام ہوا، بیچ میں فرشتہ نہ تھا۔“ (موضح) اللہ تعالیٰ نے جس طرح واضح الفاظ میں موسیٰ ؑ سے خود کلام کرنے کا ذکر فرمایا ہے کسی اور کو یہ اعزاز حاصل نہیں ہوا۔
Top