Anwar-ul-Bayan - Yaseen : 31
اَلَمْ یَرَوْا كَمْ اَهْلَكْنَا قَبْلَهُمْ مِّنَ الْقُرُوْنِ اَنَّهُمْ اِلَیْهِمْ لَا یَرْجِعُوْنَؕ
اَلَمْ يَرَوْا : کیا انہوں نے نہیں دیکھا كَمْ : کتنی اَهْلَكْنَا : ہلاک کیں ہم نے قَبْلَهُمْ : ان سے قبل مِّنَ الْقُرُوْنِ : بستیاں اَنَّهُمْ : کہ وہ اِلَيْهِمْ : ان کی طرف لَا يَرْجِعُوْنَ : لوٹ کر نہیں آئیں گے وہ
کیا انہوں نے نہیں دیکھا کہ ہم ان سے پہلے بہت سی امتیں ہلاک کرچکے ہیں بیشک وہ ان کی طرف واپس نہیں ہوں گے۔
(اَلَمْ یَرَوْا کَمْ اَھْلَکْنَا قَبْلَہُمْ مِنَ الْقُرُوْنِ ) کیا ان لوگوں (یعنی اہل مکہ) نے اس کو نہیں دیکھا کہ ہم نے ان سے پہلے بہت سی امتیں ہلاک کردیں (جن کا انہیں علم ہے اور اقرار ہے) اسفار میں جاتے ہیں تو ہلاک شدہ قوموں کے کھنڈر دیکھتے ہیں، اگر غور کرتے تو جھٹلانے اور نبیوں کا مذاق بنانے سے بچتے (اَنَّہُمْ اِِلَیْہِمْ لاَ یَرْجِعُوْنَ ) یہ ہلاک شدگان ان کی طرف لوٹنے والے نہیں ہیں یعنی جنہیں ہلاک کیا گیا وہ ختم ہوگئے دنیا سے چلے گئے اب انہیں واپس آنا نہیں ہے، جو کچھ محل تعمیر کیے، عمارتیں بنائیں، مال جمع کیا سب کچھ دھرا رہ گیا نہ پہلی زندگی میں ان چیزوں نے ان کی جان بچائی نہ واپس آکر ان سے منتفع اور مستفید ہوسکتے ہیں۔
Top