Anwar-ul-Bayan - Yaseen : 7
لَقَدْ حَقَّ الْقَوْلُ عَلٰۤى اَكْثَرِهِمْ فَهُمْ لَا یُؤْمِنُوْنَ
لَقَدْ حَقَّ : تحقیق ثابت ہوگئی الْقَوْلُ : بات عَلٰٓي : پر اَكْثَرِهِمْ : ان میں سے اکثر فَهُمْ : پس وہ لَا يُؤْمِنُوْنَ : ایمان نہ لائیں گے
ان میں سے اکثر پر (خدا کی) بات پوری ہوچکی ہے سو وہ ایمان نہیں لائینگے
(36:7) لقد حق القول۔ لام تاکید کا ہے قد بمعنی تحقیق۔ حق ماضی کا صیغہ واحد مذکر غائب ہے بمعنی حق ہونا۔ ثابت ہونا۔ مطابق ہونا۔ حق وہ قول یا فعل جو اسی طرح واقع ہو جس طرح پر کہ اس کا ہونا ضروری ہے اور اسی مقدار اور اسی وقت میں ہو کہ جس وقت اور مقدار میں اس کا ہونا واجب ہے۔ جملہ ہذا میں قول سے مراد کافروں کو عذاب دینے کا خدائی فیصلہ ہے۔ مثلاً ولکن حق القول منی لاملئن جہنم من الجنۃ والناس اجمعین ۔ (32:13) لیکن میری طرف سے یہ بات قرار پاچکی ہے کہ میں دوزخ کو جنوں اور انسانوں سب سے بھر دوں گا ۔ آیت ہذا کا ترجمہ ہوگا : بیشک ان میں سے اکثر پر یہ بات لازم ہوچکی ہے کہ وہ ایمان نہیں لائیں گے۔
Top