Tafseer-e-Baghwi - Al-Kahf : 46
اَلْمَالُ وَ الْبَنُوْنَ زِیْنَةُ الْحَیٰوةِ الدُّنْیَا١ۚ وَ الْبٰقِیٰتُ الصّٰلِحٰتُ خَیْرٌ عِنْدَ رَبِّكَ ثَوَابًا وَّ خَیْرٌ اَمَلًا
اَلْمَالُ : مال وَالْبَنُوْنَ : اور بیٹے زِيْنَةُ : زینت الْحَيٰوةِ الدُّنْيَا : دنیا کی زندگی وَالْبٰقِيٰتُ : اور باقی رہنے والی الصّٰلِحٰتُ : نیکیاں خَيْرٌ : بہتر عِنْدَ رَبِّكَ : تیرے رب کے نزدیک ثَوَابًا : ثواب میں وَّخَيْرٌ : اور بہتر اَمَلًا : آرزو میں
مال اور بیٹے تو دنیا کی زندگی کی (رونق و) زینت ہیں اور نیکیاں جو باقی رہنے والی ہیں وہ ثواب کے لحاظ سے تمہارے پروردگار کے ہاں بہت اچھی اور امید کے لحاظ سے بہت بہتر ہیں
(46)” المال والبنون “ یعنی وہ مال و اولاد جن پر عینیہ بن حصین اور اس جیسے دوسرے دولت مندوں کو فخر ہے۔ محض دنیاوی رونق کی چیزیں ہیں۔ آدمی ان پر فخر کرتا ہے، پھر عنقریب یہ چیزیں فنا ہوجاتی ہیں۔ ” زینۃ الحیوۃ الدنیا “ یہ آخرت کے لیے زاد راہ ہے۔ حضرت علی ؓ نے فرمایا مال اور اولاد دنیا کی کھیتی ہے اور اعمال صالحہ آخرت کی کھیتی اور بعض لوگوں کے لیے اللہ دونوں کو جمع کردیتا ہے۔” والباقیات الصالحات “ اس کی تفسیر میں اختلاف ہے۔ باقیات صالحات سے کیا مراد ہے، مختلف اقوال ہیں ابن عباس ؓ، عکرمہ اور مجاہد کا قول ہے کہ اس سے مراد سبحان اللہ والحمد للہ ولا الہ الا اللہ واللہ اکبر ہے۔ حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا سبحان اللہ والحمد للہ ولا الہ الا اللہ واللہ اکبرکہنا مجھے ان تمام چیزوں سے زیادہ محبوب ہے جن پر سورج نکلتا ہے اور ایک روایت میں نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ افضل کلام چار ہیں۔ سبحان اللہ والحمد للہ ولا الہ الا اللہ واللہ اکبر ہے۔ حضرت ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ تم باقیات الصالحات کی کثرت رکھو، کہا گیا کہ وہ کیا ہیں، اے اللہ کے رسول ! ( ﷺ) فرمایا کہ ملت ہے۔ کہا گیا وہ کیا ہے اے اللہ کے رسول ! (ﷺ) فرمایا (ملت سے مراد) تکبیر تہلیل اور تسبیح ہے اور الحمد للہ ولا حول ولا قوۃ الا باللہ العلی العظیم ہے۔ سعید بن جبیر ؓ مسروق اور ابراہیم نخعی کا قول ہے کہ الباقیات الصالحات سے پانچ نمازیں ہیں۔ یہی ابن عباس ؓ سے مروی ہے اور انہی سے دوسری روایت ہے کہ اس سے اعمال صالحہ ہیں۔ یہی قول حضرت قتادہ کا ہے۔ ” خیر عند ربک ثواباً “ اس سے مراد بدلہ ہے۔ ” وخیرا ملا “ جس کی طرف انسان مائل تھا۔
Top