Tafseer-e-Baghwi - An-Noor : 30
قُلْ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ یَغُضُّوْا مِنْ اَبْصَارِهِمْ وَ یَحْفَظُوْا فُرُوْجَهُمْ١ؕ ذٰلِكَ اَزْكٰى لَهُمْ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ خَبِیْرٌۢ بِمَا یَصْنَعُوْنَ
قُلْ : آپ فرما دیں لِّلْمُؤْمِنِيْنَ : مومون مردوں کو يَغُضُّوْا : وہ نیچی رکھیں مِنْ : سے اَبْصَارِهِمْ : اپنی نگاہیں وَيَحْفَظُوْا : اور وہ حفاظت کریں فُرُوْجَهُمْ : اپنی شرمگاہیں ذٰلِكَ : یہ اَزْكٰى : زیادہ ستھرا لَهُمْ : ان کے لیے اِنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ خَبِيْرٌ : باخبر ہے بِمَا : اس سے جو يَصْنَعُوْنَ : وہ کرتے ہیں
مومن مردوں سے کہہ دو کہ اپنی نظریں نیچی رکھا کریں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کیا کریں یہ انکے لئے بڑی پاکیزگی کی بات ہے (اور) جو کام یہ لوگ کرتے ہیں اللہ ان سے خبردار ہے
30۔ قل للمومنین یغضوا من ابصارھم، جن عورتوں کی طرف دیکھناجائز نہیں ہے ان سے اپنی نظروں کو جھکانا، من صلہ ہے یعنی اپنی نظروں کو جھکائے رکھو۔ بعض نے کہا کہ ، من تبعیضیہ ہے، کیونکہ مومنین کو یہ حکم نہیں دیا گیا کہ کسی کونہ دیکھیں سب کی طرف سے آنکھیں بند رکھیں بلکہ جس کو دیکھنے کی اجازت نہیں اس کی طرف نظر اٹھانے کی ممانعت ہے بلکہ نامحرم کی طرف بالا ارادہ دوسری بار دیکھنے کی بندش ہے پہلی مرتبہ جو بلا ارادہ نظر پڑجائے اس کا گناہ نہیں۔ ویحفظوا فروجھم، جو عورتیں ان پر حلال نہیں ان سے پانی شرمگاہ کی حفاظت کریں۔ ابوالعالیہ کا بیان ہے کہ قرآن پاک میں جس جگہ بھی شرمگاہ کی حفاظت کرنے کا حکم آیا ہے وہاں زنا اور حرام سے بچنا ہے ۔ صرف اس مقام میں حفاظت سے مراد پردہ کرنا اور اپنی شرمگاہ کو چھپائے رکھنا ہے۔ ذالک، یعنی یہ اپنی نظروں کانیچے جھکانا اور اپنی شرمگاہ کی حفاظت کرنا ہے۔ ازکی لھم، یہ تمہارے لیے بہتر اور پاکیزہ ہے۔ ان اللہ خبیر بمایصنعون، وہ جانتا ہے جو کچھ تم کرتے ہو۔ اچانک نظر پڑجائے تو اس کا حکم۔ حضرت بریرہ کی حدیث ہے کہ رسول اللہ نے حضرت علی سے فرمایا، علی پہلی نظر کے ساتھ دوسری دفعہ نظر نہ کرنا کیونکہ پہلی نظر تو تیرے لیے جائز ہے اس کے بعد دوسری نظر جائز نہیں۔ حضرت جریر بن عبداللہ سے روایت ہے کہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ سے اچانک نظر پڑجانے کا مسئلہ دریافت کیا ، حضور نے مجھے حکم دیا کہ نظر پھیر لیاکرو، حضرت ابوسعید خدری اپنے والد سے بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا کہ کوئی مرد کسی مرد کی شرمگاہ کونہ دیکھے اور نہ ہی کوئی عورت دوسری عورت کے ننگ کو دیکھنے اور نہ ہی دوسرامرد اکٹھے ایک لحاف میں سوئیں۔ (جب وہ دونوں ننگے ہوں) اور نہ ہی دو عورتیں ایک لحاف میں سوئیں (جب کہ وہ ننگی ہوں) ۔
Top