IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 103. Al-Asr · Ayah 1

  1. وَ الْعَصْرِۙ﴿1﴾

    1. وَالْعَصْرِقسم زمانہ کی
Translation · Baseerat-e-Quran
زمانے کی قسم
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن : العصر۔ زمانہ۔ خسر۔ نقصان۔ گھاٹا۔ تو اصوا۔ ایک دوسرے کو کہتے رہے۔ تاکید کرتے رہے۔

تشریح : تین آیات پر مشتمل اس چھوٹی سی سورت میں اللہ تعالیٰ نے دین اسلام کی تعلیمات کو اس طرح سمودیا ہے کہ بقول امام شامی ؓ اگر لوگ اسی ایک سورت میں غورو فکر کرلیں تو یہی سورت ان کی ہدایت کے لیے کافی ہے۔ صحابہ کرام ؓ بھی اس سورت کو بہت اہمیت دیتے تھے چناچہ حضرت عبداللہ ابن حصین الدارمی سے روایت ہے کہ اصحاب رسول ﷺ میں جب دو آدمی ملتے تو اس وقت تک جدانہ ہوتے جب تک ایک دوسرے کو سورة عصر نہ سنالیتے۔ (طبرانی )

اس سورت میں اللہ تعالیٰ نے عصر کی قسم کھا کر فرمایا ہے کہ دنیا کے تمام لوگ سراسر گھاٹے اور نقصان میں ہیں۔ صرف وہ لوگ کامیاب و با مراد ہیں جو ایمان، عمل صالح، تو اصی بالحق اور تو اصی بالصبر پر قائم رہے۔

عصر کے مختلف معنی ہیں نماز عصر، زمانہ، تاریخ انسانی اور زمانہ خاتم الانبیاء ﷺ بہر حال اللہ تعالیٰ نے تاریخ انسانی، اس کے انقلابات اور قوموں کے عروج وزوال کی تاریخ کی قسم کھا کر فرمایا ہے کہ دنیا میں صرف وہی لوگ کامیاب رہے، ان ہی لوگوں نے فلاح پائی جو اللہ، اس کے رسولوں، اس کی کتابوں، اس کے فرشتوں، قیامت کے دن، تقدیر الٰہی اور مرنے کے بعد دوبارہ زندہ ہونے پر ایمان لائے۔ لیکن جنہوں نے ان چیزوں کا انکار کیا اور اللہ کے بھیجے ہوئے پیغمبروں کو جھٹلایا وہ نہ صرف دنیا میں رسوا اور ذلیل و خوار ہوئے بلکہ آخرت میں بھی وہ جنت اور اس کی راحتوں سے محروم رہیں گے۔

ہوسکتا ہے اس میں اللہ تعالیٰ نے زمانہ خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی قسم کھا کر بتایا ہو کہ جو لوگ دامن مصطفیٰ ﷺ سے وابستہ نہیں ہیں وہی ناکام و نامراد ہیں اور جنہوں نے ان پر ایمان لا کر ان کی ہدات پر عمل کرکے اعمال صالحہ کا راستہ اختیار کیا ہے وہی اس سے مستثنیٰ ہیں اور کامیابی ان ہی کا مقدر ہے۔

(ایمان) اللہ کو معبود حقیقی ماننا، اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرنا، اسی کی ذات پر بھروسہ اور توکل کرنا، اسی کو اپنی تمناؤں کے پورا ہونے کا مرکز ماننا، اس نے جو تعلیمات اپنے پیغمبروں کی معروفت اپنے بندوں تک پہنچائی ہیں ان پر نہایت خلوص سے عمل کرنا، اس کے تمام رسولوں کو ماننا، ان کی لائی ہوئی تعلیمات پر ایمان رکھنا، حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو اللہ کا آخری نبی اور آخری رسول ماننا اور اس بات پر یقین رکھنا کہ آپ کے بعد جو بھی نبوت کا دعویٰ کرنے والا ہے وہ سب سے بڑا جھوٹا اور فریبی ہے۔ قرآن کریم کو اللہ کی آخری کتاب مان کر اس کے تمام احکامات پر مکمل ایمان رکھنا، اس کی دعوت کو ساری دنیا میں پہنچانا، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر پر عمل کرتے ہوئے ایک دوسرے کو حق و صداقت پر ڈٹے رہنے کی تلقین کرنا۔

(عمل صالح) ہر نیک اور بہتر عمل کو عمل صالح کہا جاسکتا ہے لیکن عمل صالح اس عمل کو کہتے ہیں جس کی بنیاد ایمان اور سنت رسول اللہ ﷺ کے مطابق ہو۔ اگر کوئی شخص ایمان کے بغیر کوئی نیک اور بہتر عمل کرتا ہے اللہ کے ہاں اس کی بھی قدر ہے اس کی جزا اور بدلہ اسی دنیا میں دے دیا جاتا ہے لیکن آخرت میں اس کا کوئی حصہ نہیں ہوگا اور جو شخص ایمان کے ساتھ عمل صالح کی روش کو اختیار کرے گا اس کو دنیا اور آخرت دونوں جہانوں میں اس کے نیک اور بہتر اعمال کا پورا پورا بدلہ دیا جائے گا۔ ایمان اور عمل صالح الگ الگ چیزیں نہیں ہیں بلکہ ایک حقیقت کے دو نام ہیں اسی لیے قرآن کریم میں عام طور پر ایمان کے بعد ہی عمل صالح کا حکم دیا گیا ہے۔

(تواصی بالحق) ایک دوسرے کو حق و صداقت پر چلنے کی تلقین کرنا۔ تو اصی کا لفظ وصیت سے بنا ہے۔ اگر کسی شخص کو تاکید کے ساتھ کسی نیک اور بہتر کام کرنے کی تاکید کی جائے تو اس کو وصیت کہتے ہیں۔ یہاں وصیت کے معنی یہ ہیں کہ ایک مومن دوسرے مومن کو موثر انداز میں اس بات کی تلقین کرتا رہے کہ اس نے حق و صداقت کے جس راستے کو اختیار کیا ہے اسی پر پورے صبر و تحمل کے ساتھ چلتا رہے تاکہ اس کے لیے آخرت کی منزل آسان ہوجائے اور سچائی کے راستے میں جو بھی مشکلات پیش آئیں ان سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کرکے اللہ ور سول کی رضا و خوشنودی کے لیے ثابت قدم رہے۔ اسلامی معاشرہ کی سب سے اچھی اور بہتری بات یہ ہے کہ اس میں کسی کو تنہا نہیں چھوڑا جاتا ہے بلکہ ایک کو دوسرے کا سہارا بننا پڑتا ہے۔

(تواصی بالصبر) یعنی صبر کرنے اور ڈٹ جانے کی ایک دوسرے کی تلقین کرنا۔ اصل میں جب کوئی آدمی ایمان اور عمل صالح کی روش کو اختیار کرتا ہے تو اس کو بگڑے ہوئے معاشرے کے ہر فرد اور من گھڑت رسموں اور اصولوں سے ٹکرانا پڑتا ہے جہاں ہر طرف دنیا داری کی چمک دمک ہوتی ہے وہاں ایک شخص کا حق وصداقت کی بات پر جمنا اور عمل کرنا کھیل نہیں ہوتا۔ سب سے پہلے تو اس کو اپنے گھر اور خاندان والوں سے ہی نامناسب باتیں سننا پڑتی ہیں پھر دوست احباب اور اہل محلہ کی طنز بھری نظریں جو اس کا تعاقب کرتی ہیں ان کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔

ایسی صورت میں اگر ایک دوسرے کو سہارا نہ دیا جائے صبر کی تلقین نہ کی جائے تو ممکن ہے ایک تنہا آدمی اس کا مقابلہ نہ کرسکے۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ دنیا میں عام طور پر ہر شخص اپنے لیے جیتا ہے، اپنے لیے، راحت و آرام کے اسباب مہیا کرتا ہے اس کی دنیا اپنے گھر والوں اور بچوں تک محدود رہتی ہے۔ ہمارا دین ہمیں پہلی تعلیم ہی یہ دیتا ہے کہ اپنے اور اپنے گھر والوں کے لیے جینا کمال نہیں ہے بلکہ دوسروں کے لیے جینا ان کے دکھ درد میں شریک ہونا اصل زندگی ہے۔ اس زندگی کی کیفیات ہی کچھ اور ہوتی ہیں۔

تیسری بات یہ ہے کہ اگر ایک شخص خود تو نیکیوں پر چلتا ہے، نماز روزے کا پابند ہے لیکن اسی راستے پر اپنی اولاد، گھر والوں اور خاندان والوں کو نہیں چلاتاتو وہ درحقیقت ایک بہت بڑی سچائی سے دور ہوتا ہے۔ ایک دوسرے کو حق وصداقت پر چلنے کی دعوت دینا یہ دین کی روح ہے۔

اگر کسی جسم سے روح نکل جائے تو وہ بےجان لاشہ رہ جاتا ہے اسی طرح اگر ہماری زندگیوں سے دعوت کا عمل نکل جائے تو پھر رسم اذاں تو رہ جاتی ہے لیکن روح بلالی نہیں رہتی۔