بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 105. Al-Fil · Ayah 1
اَلَمْ تَرَ كَیْفَ فَعَلَ رَبُّكَ بِاَصْحٰبِ الْفِیْلِؕ﴿1﴾
- اَلَمْ تَرَکیا تم نے نہیں دیکھا
- كَيْفَ فَعَلَکیسا کیا
- رَبُّكَتمہارا رب
- بِاَصْحٰبِوالوں کے ساتھ
- الْفِيْلِہاتھی
لغات القرآن۔
الم تر۔ کیا تو نے نہیں دیکھا۔ اصحاب الفیل۔ ہاتھی والے۔ الم یجعل ۔ کیا نہیں بنا دیا تھا۔ تضلیل۔ بےکار۔ ارسل۔ بھیجا۔ طیر۔ پرندے۔ ابابیل۔ جھنڈ کے جھنڈ۔ ترمی۔ مارے ہیں۔ پھینکتے ہیں۔ سجیل۔ کنکر۔ کعصف۔ جیسے بھوسا۔ ماکول۔ کھایا ہوا۔
تشریح :
یمن کے حکمران گورنر ابرھ نے زبرست لشکر اور ہیبت ناک ہاتھیوں کے ساتھ بیت اللہ کو ڈھانے اور عرب کی اینٹ سے اینٹ بجانے کے لئے جب پیش قدمی کی تو اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت و طاقت کا اظہار کرتے ہوئے معمولی سے پرندوں کے ذریعے ابرھ کے لشکر اور ہاتھویں کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ بحر احمر کی طرف سے ایسے لاتعداد چھوٹے چھوٹے پرندے اڑتے ہوئے آئے جن کو چونچ اور پنجوں میں مٹر کے دانے کے برابر کنکریاں تھیں۔ لیکن ان کنکریوں کی طاقت کا یہ حال تھا کہ وہ جس کے جسم پر گرتیں تو اس کے جسم کو پھاڑ کر ٹکڑے ٹکڑے کردیتی تھیں۔ بدن گل سڑ کر پیپ اور لہو بہانے لگتا۔ یہ ایسا زبرست اور اچانک حملہ تھا کہ ابرہ کے لشکر میں افراتفری پھیل گئی کہ کسی کو دوسرے کا ہوش تک نہ رہا اور وہ سرا لشکر زخموں سے چیختا چلاتا یمن کے رخ پر بھاگنے پر مجبور ہوگیا۔ ان میں سے کچھ تو وہیں مر گئے، کچھ راستے میں دم توڑ گئے اور بہت تھوڑے سے وہ لوگ تھے جو یمن پہنچ کر مر گئے۔ ابرھ جس کو اپنی طاقت و قو، حکومت وسلطنت ، عظیم الشان لشکر اور ہاتھیوں پر بڑا ناز تھا جس کا یہ عزم تھا کہ وہ مکہ مکرمہ سے اس وقت تک واپس نہیں جائے گا جب تک بیت اللہ کی دیواریوں کو مندہم کرکے پورے عرب پر اپنی دھاک نہ بٹھا دے۔ وہ ان پرندوں کی کنکریوں سے بری طرح زخمی ہو کر گرتا پڑتا یمن کی طرف بھاگھنے کی کوشش کرنے لگا مگر اس کا جسم اس طرح سڑ چکا تھا کہ ہر شخص اس کے قریب جانے سے گھبرا رہا تھا۔ آخر وہ ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مرگیا۔ چونکہ ابرھ اور حمیر حکمران انتہائی ظالم و جابر لوگ تھے جنہوں نے پوری قوم کو ظلم و جبر کے پنجوں میں جکڑ رکھا تھا جیسے ہی ابرھ کی موت اور پورے لشکر کی تباہی کا حال مشہور ہوا تو یمن اور حبش کی سلطنت میں ہر طرف بغاوتیں پھوٹ پڑیں۔ پوری سلطنت میں لوٹ مار اور قتل و غارت گری کا بازار گرم ہوگیا۔ آکر کار شاہ ایران کی مدد سے ایک یمنی سردار نے حبشی حکومت کا خاتمہ کر ڈالا اور اس طرح ابرھہ اور اس کا لشکر اور سلطنت اپنے کیفر کردار کو پہنچ گیا۔
ابرھہ اور اس کے لشکر کی تباہی و بربادی سے عرب کا بچہ بچہ واقف تھا بلکہ سورة الفیل کے نازل ہونے کے وقت تک کچھ لوگ زندہ تھے جہنوں نے ابرھہ اور اس کے لشکر کی تباہی کو اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔ اسی لئے سورة الفیل میں اس واقعہ کی تفصیل کے بجائے مختصر سے اشارے کرکے قریش مکہ کو اور قیامت تک آنے والی نسلوں کو یہ بتایا گیا ہے کہ اس کائنات میں ساری طاقت و قوت صرف ا ایک اللہ کی ہے جو بھی اس کی طاقت سے ٹکرانے کی کوشش کرے گا اس کا انجام ابرھ سے مختلف نہ ہوگا۔
قریش مکہ چونکہ بیت اللہ کے انتظامات کے نگراں اور متولی تھے اس لئے ابرھ کے واقعہ نے ان کی عزت و عظمت کو اس طرح بڑھا دیا تھا کہ ہر قبیلے کو اس بات کا یقین ہوچکا تھا کہ بنو قریش پر اللہ کی خاص رحمتیں ہیں اور اللہ ان کے ساتھ ہے۔ قریش کے اس احترام کا نتیجہ یہ تھا کہ عرب کا وہ جاہلانہ ماحول جہاں ہر طرف بدامنی، قتل و غارت گری اور لوٹ مار کی وجہ سے کسی کی جان، مال اور آبرو محفوظ نہ تھی۔ جو بھی قافلہ گزرتا اس کو لوٹ کر اس کے مردوں کو غلام اور عورتوں کو باندیاں بنانے کا رواج عام تھا۔ اس ماحول میں جب قریش مکہ اپنی تجارت کے لئے ملکوں کا سفر کرتے تو ان کو لوٹنے اور قتل کرنے کے بجائے یہ کہہ کو چھوڑ دیا جاتا تھا کہ ” ان کو کچھ نہ کہو یہ بیت اللہ والے ہیں “۔
اللہ تعالیٰ نے سورة الفیل نازل کرکے قرآن کے پہلے مخاطب قریش سے فرمایا ہے کہ آج دنیا بھر کی قوموں میں جو عزت اور احترام انہیں حاصل ہے یہ ان کا اپنا محنت سے کمایا ہوا مقام نہیں ہے بلکہ یہ سب کچھ ” بیت اللہ “ کی وجہ سے ہے۔ آج اس بیت اللہ کے پروردگار نے اپنے آخری نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو اپنی کتاب جو نور ہدایت ہے دے کر بھیجا ہے۔ تم میں سے جو شخص بھی راستے کی اس روشنی کو لیکر حضرت محمد ﷺ کے دامن محبت و اطاعت سے وابستہ ہوجائے گا وہی کامیاب و بامراد ہوگا۔ لیکن اگر تم نے ابرھ کا جیسا طریقہ اختیار کیا اور اللہ کے دین کی بنیادوں کو ڈھانے اور رسول اللہ ﷺ اور ان کے ماننے والوں کو ستانے اور مٹانے کی سازشیں کیں تو اللہ تمہیں صفحہ ہستی سے مٹادے گا اور کوئی تمہارا نام لیوا تک نہ ہوگا۔
تاریخ گواہ ہے کہ جن مخلص صحابہ کرام ؓ نے اللہ کی ذات پر یقین اور اس کے رسول حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی محبت و اطاعت کا حق ادا کیا وہ نہ صرف کامیاب ہوئے بلکہ ان کی دنیا اور آخرت دونوں سنور گئے۔ انہیں وہ عظمت کا مقام نصیب ہوا کہ ہر شخص ان کی طرف اپنی نسبت کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے لیکن جن بدنصیبوں نے اللہ ورسول کی دشمنی سے توبہ نہیں کی آج ان کی طرف نسبت تو کیا ہوتی ان کی نسلوں تک کا پتہ نہیں ہے۔ اگر قرآن و حدیث میں ان کے نام نہ لئے جاتے تو لوگ ان کے ناموں سے بھی واقف نہ ہوتے۔